حکومت مہاراشٹرا اور مجلس بلدیہ ممبئی کی عدالتی سرزنش

ممبئی 30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سمندر کے علاقہ میں کئی ٹن کچرا میرین ڈرائیو پر پھینکنے کے الزام میں جبکہ سمندری موجیں مد پر تھیں، انتہائی سنگین قرار دیتے ہوئے بامبے ہائیکورٹ نے حکومت مہاراشٹرا اور مجلس بلدیہ کو آج ہدایت دی کہ اِس مسئلہ کی یکسوئی کریں۔ جسٹس اے ایس اوکا اور جسٹس ریاض چھاگلا پر مشتمل ڈیویژن بنچ ایک درخواست مفاد عامہ کی سماعت کررہی تھی جو ایک مقامی این جی او ’’سٹی زنس سرکل برائے سوشل ویلفیر اینڈ ایجوکیشن‘‘ نے داخل کی تھی اور گزارش کی تھی کہ متعلقہ عہدیداروں کو رہنمایانہ خطوط تیار کرنے کی ہدایت دی جائے تاکہ کچرا اور ملبہ مناسب انداز میں پھینکا جاسکے۔ فی الحال یہ کچرا اور ملبہ میرین ڈرائیو کے مقام پر سمندر میں پھینکنے کا الزام عائد کیا۔ درخواست گذارش کے وکیل شہزاد نقوی نے نشاندہی کی کہ قبل ازیں جاریہ ماہ عدالت نے 9 ہزار ٹن ملبہ اور کچرا بحر عرب میں میرین ڈرائیو کے مقام پر پھینکنے کا الزام عائد کیا تھا۔ جبکہ سمندر میں مد اپنے عروج پر تھا۔ درخواست گذار نے گزارش کی تھی کہ اِس سلسلہ میں ضروری اقدام کیا جائے۔ بنچ نے مہاراشٹرا آلودگی کنٹرول بورڈ کی اکٹوبر میں پیش کردہ رپورٹ کا مطالعہ کرنے کے بعد مجلس بلدیہ ممبئی کو ہدایت دی کہ وسیع مقدار میں خام کچرا سمندر میں پھینکنے کے انسداد کے لئے اقدامات کئے جائیں ۔