یانگون۔23 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک سینئر سرکاری عہدیدار نے راکھین اسٹیٹ میں غیر قانونی طور پر تعمیر کردہ عمارتوں بشمول مساجد اور دینی مدرسے منہدم کرنے کا اعلان کیا۔ تین ہزار سے زیادہ عمارتیں جن میں 12 مساجد اور 35 دینی مدرسے ہیں جنہیں مقامی عہدیداروں کی اجازت کے بغیر تعمیر کیا گیا ہے۔ ان کو مسلم غالب آبادی والے صنعتی علاقے مانڈامیں اور ریاست راکھین کے شمالی علاقے میں بوتی ڈانگ کے علاقے میں منہدم کردیا جائیگا۔ مقامی روزنامہ وائس کی اطلاع کے بموجب راکھین کے وزیر صیانت و سرحدی امور کرنل تین لن نے کہا کہ ہم مساجد اور دیگر عمارتوں کو جو بغیر اجازت تعمیر کی گئی ہیں، منہدم کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ اقوام متحدہ کے بموجب روہنگیا مسلمان سب سے زیادہ مقدموں میں پھنسے ہوئے ہیں۔