بجٹ اسمبلی اجلاس میں بے روزگار نظر انداز ، ریونت ریڈی تلگو دیشم قائد کا ردعمل
حیدرآباد ۔ 27 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : قائد تلگو دیشم مقننہ پارٹی تلنگانہ قانون ساز اسمبلی مسٹر اے ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی کی زیر قیادت تلنگانہ حکومت نے قوانین کی خلاف ورزیاں کرتے ہوئے تلگو دیشم پارٹی ارکان اسمبلی کو کسی وجوہات کے بغیر ایوان کی کارروائی سے معطل کر کے جمہوریت کا مذاق اڑایا ہے ۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی کی زیر قیادت حکومت کو جمہوریت کی کوئی اہمیت نہیں ہے ۔ انہوں نے دریافت کیا کہ آیا کسی وجوہات اور گورنر کی کسی ہدایت کے بغیر تلگو دیشم پارٹی ارکان اسمبلی کو ایوان کی کارروائی سے معطل کرنا کہاں تک منصفانہ اقدام ہے ۔ علاوہ ازیں ایوان میں گورنر کے خطبہ کے دوران کسی ہدایت کے بغیر ارکان کو ایوان سے معطل کیے جانے کی کوئی تاریخی ثبوت ہے ؟ آج یہاں ریاستی اسمبلی کے میڈیا پوائنٹ کے پاس اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر ریونت ریڈی نے اس بات پر تاسف کا اظہار کیا کہ ریاست تلنگانہ میں 1763 شہیدان تلنگانہ کے خاندان پائے جاتے ہیں ۔ لیکن تین سال کا عرصہ گذر چکا علحدہ ریاست تلنگانہ تشکیل پانے کے باوجود آج تک کسی ایک شہید تلنگانہ کے افراد خاندان کو کوئی مالی تعاون فراہم نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے حصول تلنگانہ جدوجہد میں طلباء کے اہم رول کا تذکرہ کرتے ہوئے ان طلباء کی جدوجہد کے نتیجہ میں ہی آج علحدہ ریاست تلنگانہ کی شکیل ممکن ہوسکی ۔ لیکن افسوس اس بات کا ہے کہ ان طلباء کی فیس رقومات کی ادائیگی پر حکومت کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے ۔ قائد تلگو دیشم مقننہ پارٹی نے کہا کہ حکومت کے عوام کو دئیے جانے والے تیقنات اور کیے ہوئے وعدوں کو پورا کرنے سے گریز کیے جانے کے باوجود ایوان میں اپوزیشن کانگریس پارٹی نے حکومت کا گریباں پکڑنے کے موقف میں نہیں رہی ۔ انہوں نے تلنگانہ حکومت کو اپنی سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اسمبلی کے بجٹ سیشن میں بے روزگار تعلیم یافتہ نوجوانوں کو ملازمتیں فراہم کرنے کے معاملے میں کوئی واضح تیقن دینے میں حکومت ناکام ثابت ہوئی اور ساتھ ہی ساتھ عوام کو درپیش مختلف مسائل کی یکسوئی کے لیے بھی کوئی فیصلے نہیں کئے گئے ۔ مسٹر ریونت ریڈی نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ بھوپال پلی ضلع میں ہرن کا شکار کرنے کے پیش آئے واقعہ میں اصل خاطیوں کو پکڑنے میں ناکام ہوجانے والی حکومت بے گناہ و معصوم افراد جن کا اس واقعہ سے ہرگز کوئی تعلق ہی نہیں ہے ۔ ان کے خلاف کیسیس درج کیے اور کہا کہ ہرن کا شکار کرنے کے واقعہ میں ڈپٹی چیف منسٹر کے فرزند پر ملوث پائے جانے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ محض ڈپٹی چیف منسٹر کے فرزند ملوث پائے جانے کی وجہ سے کسی نے بھی ایوان میں اس مسئلہ کو موضوع بحث بنانے سے عملاً گریز کیا ۔ قائد تلگو دیشم مقننہ پارٹی مسٹر ریونت ریڈی نے پر زور انداز میں کہا کہ عوامی مسائل پر تلگو دیشم پارٹی کے امکانی طور پر سخت موقف اختیار کرنے اور حکومت کا گریباں پکڑنے کی کوشش کے خدشہ اور ڈر و خوف کے باعث ہی ہم کو ( تلگو دیشم ارکان اسمبلی کو ) قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایوان کی کارروائی سے معطل کیا گیا ۔۔