حکومت عوام کی فلاح و بہبود کیلئے وقف، وزیر عمارات و شوارع کا بیان

حیدرآباد 29 جنوری (سیاست نیوز) ریاستی وزیر عمارات و شوارع مسٹر ٹی ناگیشور راؤ نے دعویٰ کیا ہے کہ آئندہ ساڑھے تین سال میں حکومت کی جانب سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل نہ ہونے پر آئندہ عام انتخابات میں عوام سے ووٹ نہیں مانگیں گے۔ سعیدآباد ڈیویژن میں آج منعقدہ انتخابی مہم کے دوران مسٹر ناگیشور راؤ نے مزید بتایا کہ ٹی آر ایس حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے لئے وقف ہوچکی ہے اور 20 ماہ کے دوران حکومت تلنگانہ نے ملک میں مثالی کارنامے انجام دیئے ہیں۔ اُنھوں نے بتایا کہ چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ شہر حیدرآباد کو عالمی سطح پر نمایاں کرنے کیلئے بھرپور کوشش کرہے ہیں اور اس کے لئے کئی اسکیمات بھی متعارف کئی گئی ہیں۔ مسٹر ناگیشور راؤ نے بتایا کہ گوداوری اور کرشنا ندیوں سے شہر حیدرآباد کو پانی سربراہ کیا جارہا ہے۔ لیکن ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لئے شہر میں دو نئے ریزروائر تعمیر کئے جائیں گے۔ انھوں نے بتایا کہ عمارتوں کی تعمیر کے اجازت ناموں کے مرحلہ کو آسان کردیا گیا ہے اور آن لائن ادخال کی سہولت فراہم کی گئی ہے جس کی وجہ سے عوام میں ٹی آر ایس حکومت کیلئے مثبت رائے پائی جاتی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ عمارتوں کی تعمیر کیلئے اجازت ناموں کی اجرائی مقررہ وقت میں نہ ہونے پر متعلقہ بلدی عہدیداروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔