حکومت صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کی پابند عہد

ہیلت اور ہاوزنگ اسکیمات میں موثر نمائندگی دے گی ، محمد محمود علی کا خطاب
حیدرآباد۔7اپریل(سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ ریاست الحاج محمد محمود علی نے ذرائع ابلاغ کو عوام اور حکومت کے درمیان رابطے کی کڑی قراردیتے ہوئے کہاکہ حکومت تلنگانہ صحافی برادری کو درپیش مسائل کے حل کو یقینی بنانے کی پابند عہد ہے۔ آج یہاں ووڈ برج ہوٹل‘ لکڑی کا پل میں تلنگانہ اسٹیٹ اُردو جرنلسٹ ڈائری کی رسم اجرائی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکومت تلنگانہ کی ہیلت اور ہاوزنگ اسکیمات میںبھی صحافی برادری کو موثر نمائندگی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ صحافت ایک معتبر پیشہ ہے جس کو برقرار رکھنے میںتلنگانہ کی صحافی برادری نے اہم رول ادا کیا ہے۔ انہوں نے تلنگانہ تحریک میں تلنگانہ کی صحافی برادری کے رول کو قابلِ ستائش قراردیا۔انہوں نے مزیدکہاکہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد بھی حکومت کی جانب سے روا کوتاہیوں کو صحیح طریقے سے پیش کرتے ہوئے حکومت تلنگانہ کی کارکردگی کو بہتر بنانے میںبھی تلنگانہ کی صحافی برادری اہم رول ادا کررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ الکٹرانک میڈیا کی بڑھتی مقبولیت کے باوجود پرنٹ میڈیا کی اہمیت آج بھی برقرارہے۔جناب محمد محمود علی نے کہاکہ آج بھی حکمران اور مخالف جماعت کے ذمہ داران صبح کے ساتھ ہی اخبارات کا مطالعہ کرتے ہوئے موجودہ حالات سے آگہی حاصل کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ چیف منسٹر تلنگانہ ریاست مسٹر کے چندرشیکھر رائو بھی صبح کے ساتھ ہی تلنگانہ کے تمام تلگواور دیگر اخبارات کا مطالعہ کرتے ہیں اوراخبارات میں پیش کردہ مسائل پر متعلقہ عہدیداروں سے وضاحت بھی طلب کرتے ہیں۔انہوں نے تلنگانہ کی صحافتی برادری سے صحافت کے معیار کو برقرار رکھنے کی قوی امید ظاہر کی ۔انہوں نے تلنگانہ اسٹیٹ اُردو جرنلسٹ ڈائری کی رسم اجرائی پر ڈائری تیار کرنے والے سید ابراہیم کرار کو مبارکباد پیش کی ۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ کی یہ ایک پہلی ایسی ڈائری ہے جس میںریاست تلنگانہ کے تمام صحافتی اداروں سے وابستہ صحافیوں ‘ فوٹو گرافرس‘ کیمرہ مینس اور اعلی عہدیداروں بشمول ریاستی وزراء‘ایم پیز‘ ایم ایل ایز ‘ اور ٹی آر ایس پارٹی کے ریاستی وعلاقائی قائدین کی تفصیلات درج کی گئی ہیں۔اس موقع پر ٹی آر ایس پارٹی اسٹیٹ اسٹیرنگ کمیٹی رکن سید اکبر‘ میر عنایت علی باقری‘ اعظم علی خرم‘ عبدالمقیت چندہ‘ عبدا لوحید احمد‘ افتخار احمد‘ارشد علی خان‘ رحیم اللہ خان نیازی‘ سکندر معشوقی‘ محمد شریف الدین‘ محمد مسیح اللہ کے علاوہ دیگر قائدین بھی موجو دتھے۔