دیگر ادارہ کے قیام کیلئے وقف گرانٹ کا استعمال ، چیف منسٹر کا وعدوں پر عمل کا دعویٰ
حیدرآباد ۔ 25جنوری ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اقلیتوں سے متعلق اسمبلی کے سرمائی اجلاس میں جو وعدے کئے تھے اُن میں سے تین پراجکٹس کیلئے وقف بورڈ کو 28کروڑ روپئے جاری کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ اسلامک کلچرل اینڈ کنونشن سنٹر ‘ انیس الغرباء ہمہ مقصدی کامپلکس اور مکہ مسجد کی تزئین نو کیلئے جملہ 28کروڑ 48لاکھ روپئے وقف کی گرانٹ ان ایڈ سے جاری کرنے کے احکامات جاری کئے گئے لیکن حیرت اس بات کا ہے کہ حکومت نے وقف بورڈ کو گرانٹ ان ایڈ کے طور پر یہ رقم ابھی تک جاری نہیں کی ۔ وقف بورڈ حکومت سے گرانٹ کی وصولی کے بغیر کس طرح ان پراجکٹس کیلئے رقومات جاری کرسکتا ہے ۔ اب جب کہ جاریہ مالیتی سال کے اختتام کیلئے صرف ایک ماہ باقی رہ گیا ہے ‘ حکومت کے ان اعلانات پر عمل آوری کے بارے میں شبہات پیدا ہورہے ہیں ۔ چیف منسٹر نے 18 جنوری کو اسمبلی میں اعلانات کئے تھے اور 21جنوری کو باقاعدہ جی اوز جاری کردیئے گئے ۔ منی کونڈہ میں واقع درگاہ حضرت حسین شاہ ولیؒ کی 6ایکر 15گنٹے اراضی پر تلنگانہ اسلامک کلچرل اینڈ کنونشن سنٹر کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا جس پر 40کروڑ روپئے اخراجات ہوں گے ۔ حکومت نے پہلی قسط کے طور پر 10کروڑ روپئے کی اجرائی کا فیصلہ کیا اور یہ رقم چیف ایگزیکٹیو آفیسر وقف بورڈ کو جاری کرنی ہے ۔ اس کے علاوہ انیس الغرباء نامپلی پر ہمہ مقصدی کامپلکس کی تعمیر 20کروڑ روپئے سے انجام دینے کا فیصلہ کیا گیا جس کیلئے 10کروڑ روپئے پہلی قسط کے طور پر وقف بورڈ جاری کرے گا ۔ اسی طرح تاریخی مکہ مسجد میں تعمیری کاموں اور تزئن نو کیلئے 8کروڑ 48لاکھ روپئے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے جس کی ادائیگی وقف بورڈ کی جانب سے کی جائے گی ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ حکومت نے جاریہ سال بجٹ میں وقف بورڈ کو طئے شدہ گرانٹ ان ایڈ کی صرف ایک قسط جاری کی ہے ۔ وقف بورڈ میں بجٹ کی کمی کے باعث بیک وقت 28کروڑ روپئے کی اجرائی ممکن نہیں ہے ‘ ایسے میں حکومت کو چاہیئے کہ وہ صرف اعلانات کے بجائے بورڈ کو پہلے تینوں پراجکٹس کیلئے طئے شدہ مکمل رقم جاری کرے ‘ تاکہ اُس رقم میں سے وقف بورڈ تعمیری کاموں کی رقم الاٹ کرسکے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ چیف منسٹر کے اعلانات پر فی الفور عمل آوری کے مقصد سے جی اوز کی اجرائی عمل میں آئی ہے اور درکار رقم جلد وقف بورڈ کو جاری کردی جائے گی ۔ چیف منسٹر نے اسلامک کلچرل سنٹر کیلئے جس اراضی کا تعین کیا ہے اُس پر بھی ناجائز قبضوں کی اطلاعات ملی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ 8 ایکر اراضی کے بعض حصوں پر غیر مجاز قبضے قائم ہیں جن کی برخواستگی آسان نہیں ۔ ایسے میں 6ایکر 15گنٹے اراضی کو تنازعہ سے پاک قرار دینا آسان نہیں ہے ۔ حکومت اقلیتوں کو خوش کرنے کیلئے اعلانات تو کررہی ہے لیکن عمل آوری کی راہ میں کئی رکاوٹیں جن میں سب سے اہم رکاوٹ غیر متنازعہ اراضی کا حصول اور بجٹ کی اجرائی شامل ہے ۔ اقلیتی بہبود کیلئے الاٹ کردہ بجٹ کی صرف ایک قسط ہی ابھی تک جاری کی گئی ‘ ایسے میں کیا توقع کی جاسکتی ہے کہ حکومت مذکورہ تینوں پراجکٹس کیلئے درکار مکمل رقم وقف بورڈ کو جاری کردے گی۔
تلنگانہ اور اے پی میں موسم کے خشک ہونے کا امکان
حیدرآباد 25جنوری (یواین آئی ) دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھراپردیش میں بیشتر مقامات پر آئندہ دو دنوں کے دوران موسم کے خشک رہنے کا امکان ہے ۔ اسی دوران دونوں ریاستوں میں کئی مقامات پر دن کے درجہ حرارت میں اضافہ ہوا ہے تو وہیں رات کے درجہ حرارت میں کمی ہوئی ہے ۔ رائلسیما میں ایک یا دو مقامات پر اس میں کمی درج کی گئی ۔ ساحلی آندھراپردیش ’ رائلسیما میں ایک یا دو مقامات پر درجہ حرارت معمول سے کم درج کیا گیا ۔