تلنگانہ نان گزیٹیڈ آفیسرس اسوسی ایشن کی اسپورٹس میٹ سے ڈپٹی چیف منسٹر کا خطاب
حیدرآباد۔7فبروری(سیاست نیوز) تلنگانہ نان گزیٹیڈافیسرس اسوسیشن گریٹر حیدرآباد کے زیر اہتمام آج شرو ع ہوئے تین روزہ اسپورٹس میٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر اعلی تلنگانہ ریاست الحاج محمد محمودعلی نے کہاکہ حکومت سرکاری ملازمین کی فلاح وبہبود کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھارہی ہے ۔ فتح میدان میںمنعقدہ اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جناب محمد محمودعلی نے کہاکہ ماضی میں تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے سرکاری ملازمین کے ساتھ امتیازی سلوک کیاجاتا تھا مگر ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد سرکاری ملازمین کے ساتھ ہونے والی ناانصافیاں کاخاتمہ ہوگیا ہے۔جناب محمد محمودعلی نے کہاکہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد ٹی این جی اوز گریٹرحیدرآباد کی جانب سے ہرسال پوری شان سے اسپورٹس میٹ کا انعقاد عمل میںلایاجارہا ہے اور اس کے لئے حکومت کابھی مکمل تعاون حاصل ہے ۔ جناب محمد محمودعلی نے کہاکہ اسپورٹس میٹ میںحصہ لینے والے مرد اور خاتون ملازمین کو حکومت اور متعلقہ محکمہ کی جانب سے خصوصی رعایت فراہم کی گئی ہے ۔ جناب محمد محمودعلی نے کہاحکومت تلنگانہ ریاست کے تمام سرکاری ملازمین کے لئے ہلت کارڈ کی اجرائی کو یقینی بنانے کا کام کررہی ہے ۔ جناب محمد محمودعلی نے سرکاری ملازمین کی کثیرتعداد سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکومت کی فلاحی اسکیمات تک عوام کی رسائی کو یقینی بنانے کی ذمہ داری بھی سرکاری ملازمین پر عائد ہوتی ہے ۔ انہوں نے بدعنوانی کے پاس انتظامیہ کی تشکیل کے لئے سرکاری ملازمین کے عظیم تعاون کو قابلِ ستائش قراردیا۔ جناب محمد محمودعلی نے کہاکہ سرکاری ملازمین کے تعاون کے بغیرسنہری تلنگانہ ریاست کی تشکیل کا خواب بھی شرمندہ تعبیر نہیںہوسکتا۔چیرمن تلنگانہ قانون ساز کونسل سوامی گوڑ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تلنگانہ تحریک میںسرکاری ملازمین کی حصہ داری کا ناقابلِ فراموش قراردیا۔ مسٹر سوامی گوڑ نے کہاکہ آج ہمیں فخر ہے ہم اپنی ریاست میں اسپورٹس میٹ کا انعقاد عمل لارہے ہیں۔اعزازی صدر ٹی این جی اوز دیوی پرساد‘ صدر کارم رویندر ریڈی کے علاوہ دیگرنے بھی تقریب میںشرکت کی ۔ جناب ایس ایم حسینی مجیب صدر ٹی این جی اوز گریٹر حیدرآباد ونگرانی کار سہ روزہ اسپورٹس میٹ نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کھیل کود کے مقابلوں میںحصہ لینے والے سرکاری ملازمین کے حوصلہ افزائی کی ۔ انہوں نے سہ روز اسپورٹس میٹ کی تفصیلا ت بھی اس موقع پر پیش کیا۔انہوں نے کہاکہ 9فبروری کو آخری روزکھیل کود کے مقابلوں میںمقام اول دوم او رسوم حاصل کرنے والوں میںانعامات کی تقسیم عمل میںلائی جائے گی۔بعد ازاں نائب وزیراعلی تلنگانہ ریاست الحاج محمد محمودعلی نے اسٹورٹس میٹ کے تحت کھیلائے جارہے کرکٹ مقابلوں کے پہلے سیمی فائنل کے موقع پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑیو ںسے ملاقات کرتے ہوئے بلے بازی بھی کی۔