ہندوستانی معیشت اگلے پانچ تا سات سال میں دگنی ہوجائیگی ، سخت فیصلوں میں عوامی مفاد مضمر
نئی دہلی ۔ 20 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ ان کی حکومت سخت فیصلے جاری رکھے گی اور امید ظاہر کی کہ ہندوستانی معیشت کی جسامت آئندہ پانچ تا سات سال میں دگنی ہوکر پانچ ٹریلین امریکی ڈالر ہوجائے گی۔ وہ یہاں انڈیا انٹرنیشنل کنونشن اینڈ ایکسپو سنٹر کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مینوفیکچرنگ اور اگریکلچر کا حصہ فی کس ایک ٹریلین ڈالر رہے گا۔ مودی ایرپورٹ ایکسپریس میٹرو سفر کرتے ہوئے سیکٹر 25 دوارکا میں سنگ بنیاد کی تقریب کے مقام پر پہنچے۔ انہوں نے سامعین کو یقین دلایا کہ عوامی مفاد میں ہم نے سخت فیصلے کئے اور یہ رجحان جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی معیشت طاقتور ہورہی ہے حالانکہ عالمی سطح پر چیلنجس پائے جاتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ معیشت زائد از آٹھ فیصد کی شرح پر بڑھ رہی ہے اور آئندہ پانچ تا سات سال میں معیشت کی جسامت پانچ ٹریلین ڈالر تک پہنچ جائے گی اور اگلے دہے میں مزید بڑھ کر 10 ٹریلین ڈالر ہوجائے گی۔ انہوں نے ٹورازم سیکٹر کی اہمیت پر بھی زور دیا۔