جئے پور ۔ 27 ۔ مئی : ( سیاست ڈاٹ کام) : حکومت راجستھان اور گجر برادری کے نمائندوں کے درمیان آج دوبارہ مذاکرات کا آغاز ہوا جو کہ سرکاری ملازمتوں میں5 فیصد تحفظات کے مطالبہ پر گذشتہ ایک ہفتہ سے ریلوے پٹریوں اور قومی شاہراہ پر احتجاج کررہے ہیں ۔ دونوں فریقوں نے اس مسئلہ پر گذشتہ شب بات چیت کی لیکن کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوسکا ۔ جب کہ گجر برادری کے وفد اور 3 وزراء کی کمیٹی نے آج یہاں سکریٹریٹ میں دوبارہ ملاقات کی ۔ گجر ارکھش سنگھرش سمیتی کے ترجمان ہمت سنگھ نے بتایا کہ گذشتہ شب بات چیت نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوئی جس کے باعث حکومت کے ساتھ آج ایک اور دور کی بات چیت کی جارہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ مذاکرات کے نتائج برآمد ہونے کے بعد گجر برادری سے مشاورت کرتے ہوئے مستقبل کے لائحہ عمل کو قطعیت دی جائے گی تاکہ 5 فیصد کوٹہ کے مطالبہ پر تحریک میں شدت پیدا کی جاسکے جب کہ وزیر صحت راجندر راتھوڑ وزیر سماجی انصاف ارون چترویدی اور وزیر اغذیہ ہیم سنگھ بھدانہ پر مشتمل کمیٹی نے 13 رکنی گجر وفد سے مذاکرات کا احیاء کیا ہے ۔ دریں اثناء بھرت پور میں دہلی ۔ ممبئی ریل ٹرک اور دوسہ میں آگرہ ۔ جئے پور قومی شاہراہ پر آج ساتویں دن بھی احتجاجی دھرنا دیا گیا ۔ جس کے باعث ٹریفک مسدود رہی ۔ گجر برادری 50 فیصد تحفظات میں 5 فیصد کوٹہ مختص کرنے کے مطالبہ پر گذشتہ ایک ہفتہ سے ریلوے پٹریوں اور قومی شاہراہ پر احتجاج کررہی ہے ۔