حکومت دیگر طبقات کیساتھ معذورین کی فلاح و بہبود کے عہد کی پابند

حیدرآباد ۔ 3 ڈسمبر ۔ ( سیاست نیوز) ریاستی حکومت تمام طبقات بالخصوص معذورین کی فلاح و بہبود کے عہد کی پابند ہے ۔ ملک بھر میں پہلی مرتبہ ریاست تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے معذورین کو فراہم کئے جانے والے 500 روپئے ماہانہ وظائف کی رقم کو اضافہ کرتے ہوئے 1500 روپئے کیا گیاہے ۔ ریاستی وزیر فینانس مسٹر ای راجندرا نے عالمی یوم معذورین کے موقع پر نکالی گئی ریالی سے خطاب کے دوران یہ بات کہی۔ انھوں نے بتایا کہ ریاست میں موجود معذورین کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے بھرپور مواقع فراہم کئے جائیں گے ۔ مسٹر ای راجندرا نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں تمام طبقات کی فلاح و بہبود کی جو حکمت عملی تیار کی گئی ہے اس میں معذورین کا بھی خصوصی حصہ رکھا گیا ہے ۔ انھوں نے بتایا کہ ریاست معذورین کو ہمدردانہ نظریہ سے نہیں دیکھتی بلکہ اُن میں موجود صلاحیتوں کو اُجاگر کرنے کے مواقع فراہم کرتے ہوئے اُن کی صلاحیتوں سے استفادہ پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔ بعد ازاں محکمہ بہبود برائے معذورین کی جانب سے منعقدہ رویندر بھارتی میں تقریب سے محکمہ بہبود برائے معذورین کے عہدیداروں نے حکومت کی جانب سے معذورین کو فراہم کی جانے والی اسکیمات کی تفصیلات سے واقف کروایا ۔

اس موقع پر عہدیداروں نے خطاب کے دوران بتایا کہ حکومت نے معذورین کی فلاح و بہبود کیلئے جامع منصوبہ بندی کررکھی ہے اور اس منصوبہ کے تحت معذورین کو اُن کی صلاحیتوں کے اعتبار سے مواقع فراہم کئے جانے کا منصوبہ بھی شامل ہے ۔ عہدیداروں کے بموجب ریاستی حکومت کی جانب سے معذورین کو جسمانی ، ذہنی یا کسی اور طرز کے معذور کی حیثیت سے نہیں دیکھا جارہا ہے بلکہاُن میں موجود صلاحیتوں کے مطابق اُنہیں سماجی دھارے میںشامل کرتے ہوئے دیگر عام شہریوں کی طرح برتاؤ کیا جارہا ہے ۔ علاوہ ازیں معذورین کو اپنی معذوری کے احساس سے دور رکھتے ہوئے احساس کمتری سے بچانے کیلئے ہر جگہ اُن کیلئے خصوصی سہولتوں کی فراہمی پر بھی غور کیا جارہا ہے ۔ اس موقع پر عہدیداروں نے حیدرآباد میٹرو ریل کی جانب سے معذورین کیلئے اسٹیشن پر خصوصی جگہ کی فراہمی کے علاوہ دیگر سہولتوں کی فراہمی کا بھی تذکرہ کیا۔ عالمی یوم معذورین کے موقع پر عہدیداروں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ معذورین کے اندر چھپی ہوئی صلاحیتوں کو اُجاگر کرنے اُن کی حوصلہ افزائی کریں۔