نئی دہلی ، 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیر فینانس ارون جیٹلی نے آج کہا کہ جی ایس ٹی بلوں کی بنیاد ’’مشترک اقتدارِ اعلیٰ‘‘ کے اصول پر قائم ہے اور حکومت ان کلیدی ٹیکس اصلاحات کی منظوری اتفاق رائے سے کرانا چاہتی ہے۔ جیٹلی یہاں بی جے پی کی پارلیمنٹری پارٹی میٹنگ کے بعد پارٹی ایم پیز کو بریفنگ دے رہے تھے، جہاں وزیراعظم نریندر مودی بھی شریک ہوئے، وزیر پارلیمانی امور اننت کمار نے میٹنگ کے بعد میڈیا والوں کو یہ بات بتائی۔ انھوں نے بتایا کہ وزیر فینانس نے گڈس اینڈ سرویس (جی ایس ٹی) کے تمام چار بلوں کے تعلق سے پارٹی ایم پیز کو تفصیلی بریفنگ دی اور کہا کہ ان کو تمام ریاستوں کی نمائندگی والی جی ایس ٹی کونسل میں تفصیلی غوروخوض کے بعد تیار کیا گیا ہے۔سابق چیف منسٹر کرناٹک اور سینئر کانگریسی ایس ایم کرشنا جو حال میں بی جے پی میں شامل ہوئے، وہ بھی آج کی میٹنگ میں موجود تھے۔