حکومت تلنگانہ کے کنٹراکٹ اور آوٹ سورسنگ ملازمین کے ساتھ انصاف رسانی کا خیر مقدم

تلنگانہ این جی اوز کے وفد کی چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات
حیدرآباد۔یکم جنوری(سیاست نیوز) تلنگانہ نان گزیٹیڈ آفیسر اسوسیشن کے ایک وفد نے چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو سے ملاقات کرتے ہوئے کنٹراکٹ ملازمین کو مستقل نوکری فراہم کرنے کے اعلان پر ریاست تلنگانہ کے تمام سرکاری ملازمین کی جانب سے شکریہ ادا کیاور حالیہ دنوں میں ٹی این جی اوز جی ایچ ایم سی اجلاس میں پیش کردہ تمام قراردادو ںکو 2جنوری کو کابینی کمیٹی کے روبرو پیش کرتے ہوئے انہیں حکومت کی جانب سے منظور کروانے کے فیصلے کا بھی خیرمقدم کیا۔ چیرمن ٹی این جی اوز دیوی پرساد کی نگرانی میں ٹی این جی اوز اسٹیٹ پریسڈنٹ کارم رویندر ریڈی‘ جنرل سکریٹری عبدالحمید اور دیگر نے حکومت تلنگانہ کے اس تاریخ ساز فیصلے پر چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو سے اظہار تشکر کیا۔دیوی پرساد نے کہاکہ پچھلے تیس سالوں میں کسی بھی حکومت نے تلنگانہ کے سرکاری ملازمین بالخصوص کنٹراکٹ اور آئو ٹ سورسنگ ایمپلائز کے ساتھ انصاف نہیں کیاتھا مگر تلنگانہ حکومت نے اندرون اٹھارہ ماہ تلنگانہ کے مذکورہ سرکاری ملازمین کے حق میںاتنا بڑا قدم اٹھایا ہے ۔ دیوی پرساد نے کہاکہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے کنٹراکٹ سسٹم کو ختم کرتے ہوئے راست مستقل طور پر تقررات عمل میںلانے کا جو فیصلہ کیاگیا ہے وہ قابلِ ستائش ہے۔ ٹی این جی اوز کے قائدین نے حکومت تلنگانہ کے اس فیصلے کوسرکاری ملازمین کے لئے نئے سال کا تحفہ قراردیا ہے۔