حکومت تلنگانہ کی جانب سے کے ایف سی کے غذائی نمونوں کی جانچ

حیدرآباد 27 جون ( پی ٹی آئی ) انسٹی ٹیوٹ آف پریوینٹیو میڈیسن حکومت تلنگانہ کی جانب سے کے ایف سی کی اشیا کا معائنہ کیا جا رہا ہے جبکہ یہ الزامات عائد کئے گئے ہیں کہ کے ایف سی کی غذائی اشیا میں مضر صحت بیکٹیریا موجود ہیں۔ آئی پی ایم کے ڈائرکٹر کے امریندر ریڈی نے کہا کہ انہوں نے انسپکٹرس سے کہا ہے کہ وہ نمونے حاصل کریں۔ جملہ 14 نمونے حاصل کئے گئے ہیں۔ ان کی رپورٹس چہارشنبہ تک دستیاب ہنوگی ۔ انہوں نے بتایا کہ ایک این جی او کی جانب سے معائنہ کیلئے روانہ کردے نمونے غیر رسمی نمونے ہونگے ۔ جب ہم کوئی نمونے حاصل کرتے ہیں تو انہیں قانونی نمونے کہا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان نمونوں کی عوامی مفاد میں فوڈ سیفٹی اسٹانڈرڈز اتھاریٹی آف انڈیا کے تحت جانچ کی جا رہی ہے ۔ دو دن قبل این این جی او بالالہ ہکولا سنگھم ( اے پی حقوق اطفال اسوسی ایشن ) نے ادعا کیا تھا کہ اس نے کچھ لیب معائنے کروائے ہیں جن میں پتہ چلا ہے کہ کے ایف سی کی اشیا میں ای کولی اور سلمونیلا جیسے مضر صحت بیکٹیریا موجود ہیں۔ کے ایف سی نے کل ہی ایک بیان جاری کرتے ہوئے ان الزامات کو جھوٹے اور بے بنیاد قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ یہ کمپنی کی امیج کو متاثر کرنے کی کوشش ہے ۔ کمپنی کا ادعا تھا کہ اس کی غذائی اجناس 170 ڈگری سلسئیس پر پکائی جاتی ہیں اور اس میں کسی طرح کی مضر صحت اشیا کے شامل رہنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔ کے ایف سی نے آج کہا کہ اسے مقامی حکام کی جانب سے کئے جارہے معائنوں کا علم ہے اور اس کی جانب سے حکام سے پورا تعاون کیا جا رہا ہے ۔ کے ایف سی نے کہا کہ ایک ذمہ دار کمپنی کے طور پر وہ تمام قواعد کی پابندی کرتی ہے ۔