نلہ گٹہ میں شعور بیداری اجلاس ، حافظ پیر شبیر احمد ، ڈی ای او اور تحصیلدار کا خطاب
حیدرآباد ۔ 5 ۔ اگست : ( پریس نوٹ ) : موومنٹ فار ایجوکیشن اینڈ اکنامک تلنگانہ کے زیر اہتمام تعلیم یافتہ بیروزگاروں کے لیے نئی ریاست تلنگانہ میں عدالتوں کے مواقع اور تلنگانہ سرکار کی جانب سے حصول اعلیٰ تعلیم کے لیے دی جانے والی مراعات نیز انکم ، کاسٹ سرٹیفیکٹ کے لزوم سے اقلیتی طبقہ کے طلباء کو مستثنیٰ قرار دئیے جانے کے ضمن میں ’ شعور بیداری پروگرام ‘ گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول نلہ گٹہ نیو منسٹر روڈ پر منعقد ہوا ۔ جس کی صدارت سکندرآباد تحصیلدار ( منڈل ریونیو آفیسر ) شری این بی وشنو ساگر نے کی ۔ مہمانان خصوصی کی حیثیت سے حافظ پیر شبیر احمد صدر جمعیت العلماء ہند آندھرا پردیش و تلنگانہ اور شری بی وینکٹیشورلو ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر کے علاوہ جناب محمد اسمعیل الرب انصاری ، جناب سید احمد کے علاوہ جناب ایم اے قدیر نے شرکت کی ۔ اس موقع پر حافظ پیر شبیر احمد تلنگانہ حکومت پر زور دیا کہ وہ اپنے منشور اور وعدوں کو نبھائیں ۔ تعلیم کے فروغ کے لیے ممکنہ سہولیات بہم پہونچائیں ۔ ساتھ ہی تلنگانہ کے تعلیم یافتہ اور ہنر مندوں کو روزگار کی ضمانت دیں ۔ کیوں کہ تلنگانہ کے عوام کو ماضی کی حکومتوں سے انصاف نہیں مل رہا تھا ۔ انہوں نے منڈل آفیسرس سے خواہش کی کہ وہ درمیانی افراد کے استحصال پر روک لگائیں اور انکم کاسٹ سرٹیفیکٹ کے حصول میں پیش آنے والی دشواریوں کو ختم کریں ۔ ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر مسٹر بی وینکٹیشورلو نے سرکاری اسکولس کے تعلیمی معیار کو بلند کرنے کے عزائم کو پیش کیا ۔ اور کہا کہ سرکاری اسکولوں میں معیاری تعلیم ڈسپلن شاندار نتائج سے خانگی کارپوریٹ ، اسکولس کی اجارہ داری ختم ہوگی من مانی فیس کی وصولی پر روک لگے گی ۔
جناب محمد اسمعیل الرب انصاری نے اقلیتوں بالخصوص خواتین سے دردمندانہ اپیل کی کہ وہ حصول تعلیم میں آگے آئیں ۔ ین بی وشنو ساگر تحصیلدار نے کہا کہ وہ صاف ستھرے رشوت ستانی سے پاک سرکاری امور کی تکمیل کے آرزو مند ہیں ۔ اس لیے انہوں نے درمیانی افراد یا دلالوں کے سلسلہ کو ختم کرنے کی بھر پور کوشش کی ہے ۔ انہوں نے اسکول انتظامیہ ، اساتذہ سے خواہش کی کہ وہ ان سے راست رابطہ میں رہیں۔ اس موقع پر انہوں نے میٹ کی تعلیمی معاشی خدمات کو سراہتے ہوئے ہر طریقہ کا تعاون دینے کا اعلان کیا ۔ جناب سید امجد نے اپنی جانب سے پولیس ، عدلیہ ، شعبہ جات میں روزگار سے دلچسپی رکھنے والے اقلیتی نوجوانوں کے لیے ہر طرح کی مدد کا پیشکش کیا ۔ جناب ایم اے قدیر نے اقلیتی نوجوانوں سے انجینئرنگ صنعتی تعلیم اور یونٹس کے قیام پر توجہ مرکوز کرنے پر زور د یا ۔ ابتداء میں میٹ کے جنرل سکریٹری نے اولیائے طلباء اساتذہ اور طلباء و طالبات کو معزز مہمانان مقررین سے متعارف کروایا ۔ اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نیز منڈل ریونیو آفس کے عہدیداروں کی جانب سے تعاون کے پیشکش کو خوش آئند قرار دیا ۔ جناب محمد جمشید مدرس نے اردو میڈیم اسکول کے شاندار نتائج اور مسلم لڑکیوں میں حصول تعلیم کے جذبہ کی ستائش کی ۔ جناب سید علی الدین احمد صدر میٹ کی نگرانی میں شاندار انتظامات کئے گئے اور کامیابی سے اس شعور بیداری پروگرام کو ہمکنار کیا گیا ۔۔