حکومت تلنگانہ کو قومی انسانی حقوق کمیشن کی نوٹس

نئی دہلی 9 اپریل ( سیاست نیوز) قومی انسانی حقوق کمیشن نے آلیر میں پانچ زیر دریافت قیدیوں کی انکاونٹر میں ہلاکت کے سلسلہ میں حکومت تلنگانہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے رپورٹ طلب کی ہے ۔ کمیشن نے ایک بیان میں کہا کہ بادی النظر میں ایسا لگتا ہے کہ طاقت کا بے تحاشہ استعمال کیا گیا جس کے نتیجہ میں پانچ زیر دریافت قیدی اپنی جان گنوا بیٹھے ۔ وہ عدالتی تحویل میںتھے اور اس معاملے میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کی گئی ۔ کمیشن نے چیف سکریٹری اور ڈی جی پی تلنگانہ کو اندرون دو ہفتے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ۔ اس کے علاوہ 23 اپریل کو حیدرآباد میں منعقد شدنی اجلاس میں اس معاملہ پر غور کیا جائے گا۔