حکومت تلنگانہ کا سروے انتہائی اہمیت کا حامل ، ریاست کے باشندوں کی حقیقی نشاندہی

عہدیداروں کو صحیح تفصیلات فراہم اور تعاون کرنے کا مشورہ ، غلط اندراج پر مستقبل میں نقصان کا امکان
حیدرآباد ۔ 7 ۔ اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت کی جانب سے کروائے جانے والے خصوصی سروے کے متعلق عوام میں موجود غلط فہمیوں کو دور کیا جانا ضروری ہے ۔ عوام میں یہ تاثر پیدا کیا جارہا ہے کہ یہ سروے کوئی کارآمد سروے ثابت نہیں ہوگا بلکہ اب تک ہونے والے دیگر سروے و مردم شماری کی طرح یہ بھی غیر اہم ثابت ہوگا۔ درحقیقت نئی ریاست میں اس طرح کے سروے کے متعلق یہ تاثر پیدا کرنے کی کوشش بعض حلقوں کی جانب سے کی جارہی ہے جو یہ نہیں چاہتے کہ تلنگانہ میں عوام کے حقیقی سماجی و معاشی موقف کے علاوہ رائے دہندوں کی تعداد منظر عام پر آئے۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے کروائے جانے والا یہ سروے انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اس سروے کے ذریعہ حکومت کی جانب سے ریاست کے حقیقی باشندوں کی نشاندہی کے ساتھ ساتھ ریاست میں شفاف حکمرانی کی فراہمی کے اقدامات کئے جانے کا منصوبہ ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت کی جانب سے کروائے جانے والے اس سروے کو صرف ایک یوم میں مکمل کرنے کا مقصد اس میں کسی قسم کی الٹ پھیر کی گنجائش باقی نہ رکھنے کے علاوہ تلبیس شخصی سے سروے کو محفوظ رکھنا ہے۔ 19 اگست کو ہونے والے اس اہم ترین سروے میں جو نکات شامل رکھے ہوئے ہیں، ان میں سماجی و معاشی موقف سے آگہی کو کافی زیادہ اہمیت دی گئی ہے۔ عوام بالخصوص اقلیتی طبقات کو چاہئے کہ وہ اس اہم ترین سروے میں حصہ لیتے ہوئے اپنی حقیقی تعداد مکمل معلومات کی فراہمی کو یقینی بنائیں تاکہ حکومت کو اس بات کا احساس ہو کہ درحقیقت اقلیتیں تلنگانہ میں کس صورتحال و موقف کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں۔ شہری علاقوں کے علاوہ اضلاع میں بھی اس خصوص میں توجہ دیتے ہوئے عوام میں شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے کہ وہ بہر صورت اس سروے کا حصہ بنیں تاکہ ان کا شمار کرتے ہوئے آبادی کے تناسب وغیرہ طئے کئے جاسکیں۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں نہ صرف محکمہ مال بلکہ دیگر محکمہ جات بالخصوص محکمہ پولیس کے عہدیداروں کی خدمات بھی حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور جن سرکاری ملازمین کی خدمات اس سروے کیلئے حاصل کی جارہی ہے ، انہیں کم از کم تین روزہ تربیت فراہم کئے جانے کا امکان ہے تاکہ سروے کے دوران انہیں کسی قسم کی تکلیف نہ ہونے پائے۔ عوام کو بھی چاہئے کہ وہ سروے کیلئے پہنچنے والے عہدیداروں سے تعاون کرتے ہوئے انہیں مکمل اور صحیح تفصیلات فراہم کرنے میں کسی قسم کی کوتاہی نہ کریں چونکہ ان کی یہ کوتاہی ان کے خود کیلئے اور آئندہ نسل کیلئے بھی نقصان کا باعث بن سکتی ہے۔ حکومت کے اس فیصلہ کی مختلف گوشوں سے سراہنا کی جارہی ہے اور کہا جارہا ہے کہ ایک دن میں مکمل سروے کی صورت میں سروے کو کئی نقائص سے پاک بنایا جاسکتا ہے ۔