حیدرآباد ۔ 5 نومبر ۔ ( پریس نوٹ ) حکومت تلنگانہ کی جانب سے برائے مالی سال 2014-15 کا مجلس اتحادالمسلمین نے خیرمقدم کیا ہے ۔ مسٹر اکبرالدین اویسی قائد مقننہ نے حکومت تلنگانہ کی جانب سے وزیر فینانس مسٹر ای راجیندرا کے پیش کردہ بجٹ کو عوامی توقعات اور ٹی آر ایس کے انتخابی منشور کے مطابق قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریاست کی جانب سے پیش کردہ ایک لاکھ کروڑ روپئے کا بجٹ ریاست کی تیز رفتار ترقی میں انتہائی اہم کردار ادا کرسکتا ہے ۔ اس کے ساتھ تمام پسماندہ طبقات کیلئے چلائی جانے والی فلاح و بہبود کی اسکیمات کو جاری رکھنے کابھی منصوبہ پیش کیا گیا ہے ۔ محکمہ اقلیتی بہبود کے لئے حکومت کی جانب سے مختص کردہ بجٹ کا تذکرہ کرتے ہوئے مسٹر اکبرالدین اویسی نے کہا کہ مسلم ، عیسائی ، سکھ ، بدھسٹ ، جین اور پارسی جو کہ ریاست تلنگانہ کی 14 فیصد آبادی ہے کے لئے 1030 کروڑ روپئے کی تخصیص تقریباً دوگنا اضافہ ہے ۔ انھوں نے کہا کہ قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کو معمولی رقم مختص کی گئی ہے ۔ علاوہ ازیں مسٹر اکبرالدین اویسی نے یونانی ہاسپٹل کو کسی قسم کا بجٹ مختص نہ کئے جانے کا بھی تذکرہ کیا۔ انھوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ٹی آر ایس حکومت عوامی توقعات کو پورا کرتے ہوئے ’بنگارو تلنگانہ ‘کے خواب کو پورا کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھے گی اور بجٹ میں مختص کردہ رقومات کو ترقیاتی و فلاح و بہبود کے کاموں پر خرچ کرتے ہوئے ریاست کی مجموعی ترقی کو یقینی بنائے گی ۔