حکومت تلنگانہ ڈیجیٹل لٹریسی کو بڑے پیمانہ پر فروغ دینے کوشاں

آئی ٹی اینڈ کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ کی سالانہ تقریب سے کے ٹی آر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 15 ۔ مئی : ( این ایس ایس ) : وزیر آئی ٹی مسٹر کے ٹی راما راؤ نے آج کہا کہ نئی ریاست تلنگانہ نقدی کے بغیر معاملتوں اور عوام کو ای ۔ گورننس خدمات فراہم کرنے میں ملک میں نمبر ون ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ آئی ٹی شعبہ میں تیزی سے ترقی کررہی اور قومی سطح پر تیزی کے ساتھ قدم جما رہی ہے ۔ وزیر موصوف آج یہاں ایچ آئی سی سی پر آئی ٹی اینڈ کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ کی سالگرہ تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ڈیجیٹل پروگرام کے حصہ کے طور پر خاندان کے کم از کم ایک رکن کو ڈیجیٹلی لٹریٹ بنانے کی پوری کوشش کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت دیہی عوام کو محفوظ پینے کا پانی فراہم کرے گی ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت نے ہر گھر کو محفوظ پینے کا پانی فراہم کرنے کے لیے مشن بھاگیرتا پروگرام شروع کیا ہے ۔ اس کے علاوہ عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کریں گے ۔ وزیر آئی ٹی نے اعلان کیا کہ ریاستی حکومت ڈیجیٹل لٹریسی کو بڑے پیمانہ پر فروغ دینے کے لیے ایک جامع نئی پالیسی شروع کرنے کے لیے تیار ہے ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ، آئی ٹی شعبہ اور اس سے متعلق کمپنیوں کو فروغ دینے اور اس کی سروسیس کو وسعت دینے کے لیے سنجیدہ ہیں ۔ وزیر آئی ٹی نے کہا کہ وہ 3000 پبلک وائی ۔ فائی ہاٹ اسپاٹس کی تنصیب کے لیے ایک پلان پر کام کررہے ہیں اور ختم جون تک 1000 قائم کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ نوٹ بندی کے بعد ریاست تلنگانہ میں سب سے زیادہ تعداد میں آن ئن معاملتیں ہوئی ہیں ۔۔