حکومت تلنگانہ نے پولیس کو عصری سہولیات فراہم کیں

ایڈیشنل کمشنر پولیس انجنی کمار کا تہنیتی تقریب سے خطاب
حیدرآباد ۔ 26 ۔ مئی : ( راست ) : سنٹر پیس اینڈ ویلفیر کمیٹی کی جانب سے ایک تہنیتی تقریب شری انجنی کمار آئی پی ایس ایڈیشنل کمشنر آف پولیس لا اینڈ آرڈر کے شہر حیدرآباد میں دو سال مکمل ہونے پر تقریب کا انعقاد ڈاکٹر حافظ مظفر حسن کی قیام گاہ سنتوش نگر ڈیویژن میں عمل میں آیا ۔ ابتداء میں جناب غلام صادق الدین جنرل سکریٹری سنٹر پیس اینڈ ویلفیر کمیٹی نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انجنی کمار نے دو سال میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں جس کی مثال حیدرآبادیوں کے لیے ایک اعزاز ہے ۔ شری انجنی کمار نے کہا کہ عوام اور پیس کمیٹی کے اور پولیس عہدیداروں کے تعاون سے شہر حیدرآباد کے تمام تہوار پرامن گذر گئے ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد گنگا جمنی تہذیب کا گہوارہ ہے ۔ آج کے دور میں عوام کو دیگر مصروفیات کی وجہ سے ایسے جلسوں میں وقت نہیں ملتا مگر آپ لوگ چار گھنٹوں سے اس تقریب میں شرکت کئے ہیں وہ قابل تعریف ہے ۔ آج کل لوگوں کا زیادہ تر وقت ٹی وی اور دیگر مصروفیات پر صرف ہورہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ حکومت محکمہ پولیس کو نئی گاڑیاں فراہم کی ہیں عوام کے تحفظ کے لیے اور نئی ٹکنالوجی اور سی سی کیمرے وغیرہ جو ایک عرصہ دراز سے حل طلب تھے، تلنگانہ حکومت نے ان مسائل کو حل کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کسی بھی مسئلے پر پولیس سے ربط کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے ہندو مسلم تقاریب میں پولیس کانسٹبلس سے لے کر اے سی پی اور ڈی سی پی کے ایک ٹیم ورک کی طرح چوبیس گھنٹے کام کرنے پر مبارکباد دی ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ساوتھ زون وی ستیہ نارائنا نے کہا کہ پرانا شہر میں عوام کو ان سے مکمل تعاون حاصل ہورہا ہے اور انہوں نے کرائم و دیگر شعبے جات میں تعاون کرنے پر عوام کا شکریہ ادا کیا ۔ ڈاکٹر حافظ مظفر حسین نے کہا کہ ڈی سی پی ساوتھ زون کی خدمات قابل ستائش ہیں ۔ انہوں نے سب سے پہلے کرائم پر توجہ دی ۔ اس کے بعد شہر کے عاملوں پر اور بیکار نوجوانوں پر ان کو راستہ پر چلنے کی ترغیب دے رہے ہیں تاکہ وہ کسی بھی مسائل میں مبتلا نہ ہوں اور والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کے بچوں پر کڑی نظر رکھیں اور بچوں کو تعلیم کی طرف راغب کریں ۔ ڈی سی پی ایسٹ زون ڈاکٹر رویندرا نے کہا کہ ایسٹ زون میں پولیس عوام کے ہر ہر مسئلے پر متحرک ہے۔ سری کرشن شرما ایڈوکیٹ صدر سنٹر پیس اینڈ ویلفیر کمیٹی نے جلسہ کی صدارت کی ۔ شری انجنی کمار ایڈیشنل کمشنر پولیس کے دو سال مکمل ہونے پر بڑے پیمانہ پر گلپوشی اور شال پوشی کی گئی اور مبارکباد پیش کی گئی ۔۔