حکومت تلنگانہ قابل تجدید توانائی کے فروغ کے لیے کوشاں

حیدرآباد۔7فبروری(سیاست نیوز)قابل تجدید توانائی کے متعلق تفصیلی وضاحت کرتے ہوئے وائس چیرمن اور ایم ڈی ٹی این آر ای ڈی ایل ایل مسٹر ای سدھاکر رائو نے کہاکہ مجوزہ بجٹ میںحکومت تلنگانہ قابل تجدید توانائی کے فروغ میںدرکار اصلاحات کو شامل کریگی ۔ آج یہاں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سدھاکر رائو نے کہاکہ حکومت شعبہ زراعت میںمکمل طور پر سولار توانائی کو فروغ دینے کا منصوبہ رکھتی ہے جس کے لئے ٹی این آر ای ڈی ایل ایل کی جانب سے بھرپور تعاون حاصل رہے گا۔ انہوں نے موسم گرما کے پیش نظر درکار توانائی کو یقینی بنانے کے لئے سولار توانائی کو عام کرنے کی ضرورت پر زوردیا۔ انہوں نے کہاکہ توقع ہے کہ حکومت مجوزہ بجٹ اجلاس میں سرکاری ملازمین کو بھی سولار توانائی سے جوڑنے کے لئے سولار توانائی قرض کی اجرائی عمل میںلائے گی۔ انہوں نے کہاکہ سرکاری ملازمین کے گھروں میں سولار توانائی کے سربراہی کو یقینی بنانے کے لئے پلانٹس کی تنصیب اس کااہم حصہ رہے گا۔ سدھاکر رائونے کہاکہ پہلے پرمرحلے میںشدید برقی کی قلت سے دوچار ہونے والے دیہی علاقوں میں واٹر پمپس کے لئے سولار توانائی کی یونٹس نصب کئے جائیں گے۔مسٹر سدھار رائونے کہاکہ حکومت کی ہدایت پر ٹی این آر ای ڈی ایل ایل نے سولا ر توانائی کے فروغ کے لئے درکار اصلاحات کی فہرست تیار کرتے ہوئے حکومت کے حوالے کردیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سولار اور دیگر ذرائع سے تیار کی جانے والی قابل تجدید توانائی کو فروغ دینے کے لئے حکومت کے ساتھ ہمارا مکمل تعاون رہے گا۔ انہوں نے اسٹریٹ لائٹس کے استعمال میںبھی سولا ر توانائی کو قابل تقلید قراردیا۔