حکومت تلنگانہ سے اقلیتوں کو 80 فیصد سبسیڈی اسکیم کی منظوری

عنقریب احکامات کی اجرائی ، نئی اسکیم سے اقلیتوں کو فائدہ کا امکان
حیدرآباد ۔ 2 ۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے اقلیتوں کو 80 فیصد سبسیڈی فراہم کرنے کی اسکیم کو منظوری دیدی ہے۔ اس سلسلہ میں بہت جلد احکامات جاری کردیئے جائیں گے۔ محکمہ اقلیتی بہبود نے اسکیم سے متعلق فائل منظوری کیلئے محکمہ فینانس کو روانہ کی ہے اور توقع ہے کہ جمعرات کو احکامات کی اجرائی عمل میں آئے گی۔ ایس سی ، ایس ٹی اور بی سی محکمہ جات نے محکمہ فینانس کی منظوری سے احکامات جاری کئے تھے۔ اس اسکیم سے اقلیتی فینانس کارپوریشن کے تحت غریب اور مستحق اقلیتی خاندانوں کو کاروبار کے آغاز کیلئے 80 فیصد سبسیڈی فراہم کی جائے گی ۔ موجودہ اسکیم کے تحت صرف 50 فیصد سبسیڈی کی گنجائش ہے اور زیادہ سے زیادہ سبسیڈی کی حد ایک لاکھ روپئے ہے جبکہ نئی اسکیم سے اقلیتوں کو کافی فائدہ ہوگا۔ یہ اسکیم فی الوقت ایس سی ، ایس ٹی طبقات کیلئے عمل کی جارہی ہے جسے اقلیتوں کیلئے توسیع دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ ایس سی ، ایس ٹی طبقات کو پانچ لاکھ یا اس سے زائد کے کاروبار کے آغاز کیلئے 80 فیصد تک سبسیڈی اقلیتی فینانس کارپوریشن کی جانب سے فراہم کی جاتی ہے ۔ اس اسکیم کے آغاز سے اقلیتوں کی معاشی پسماندگی کے خاتمہ میں مدد ملے گی۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کی ہدایت پر حکومت کو یہ اسکیم روانہ کی تھی۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اس اسکیم کو منظوری دی ہے۔ واضح رہے کہ  اقلیتی بہبود کا قلمدان چیف منسٹر کے پاس ہے۔ حکومت نے موجودہ 50 فیصد سبسیڈی کی اسکیم کو 80 فیصد کرنے کا غیر معمولی فیصلہ کیا ہے جس کے تحت اقلیتیں 5 تا 10 لاکھ روپئے تک کاروبار کا آغاز کرتے ہوئے سبسیڈی حاصل کرسکتے ہیں۔