پولیس کو بین الاقوامی معیار کے مطابق تبدیل کرنے کے اقدامات ، چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ
حیدرآباد۔/21نومبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ حکومت حیدرآباد میں امن و ضبط کی صورتحال پر قابو رکھنے اور جرائم پر روک تھام کے سلسلہ میں پابند عہد ہے۔ 150کروڑ روپئے کے خرچ سے حیدرآباد پولیس کو بین الاقوامی معیار کے ادارہ میں تبدیل کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں اور پولیس کو عصری بناتے ہوئے جرائم پر قابو پایا جائے گا اور عوام کو مکمل تحفظ فراہم ہوگا۔ چیف منسٹر نے دو دن قبل بنجارہ ہلز میں واقع کے بی آر پارک میں پیش آئے فائرنگ واقعہ پر بیان دیتے ہوئے صنعت کاروں ، ملازمین اور عوام کو یقین دلایا کہ حکومت شہر میں ان کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ 19نومبر کو صنعت کار کے نتیانند ریڈی پر اے کے 47رائفل سے کئے گئے حملہ کے اہم ملزم کو اندرون 24گھنٹے پولیس نے گرفتار کرلیا۔ چیف منسٹر نے اندرون چوبیس گھنٹے اس معمہ کو حل کرنے پر پولیس کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ حملہ کے چند گھنٹوں میں پولیس نے حملہ آور کی شناخت کرلی۔ حکومت اور پولیس نے اس واقعہ کو ایک چیلنج کے طور پر قبول کیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ واقعہ کے اہم ملزم پی اوبلیش کا تعلق ضلع کڑپہ سے ہے۔ وہ کرنول میں دوسری بٹالین میں بطور کانسٹبل 1999ء میں منتخب ہوا تھا۔ 2002سے 2014تک اس نے گرے ہاونڈس میں خدمات انجام دی۔ گرے ہاونڈس میں ڈیوٹی کے دوران اس نے اے کے 47رائفل کا سرقہ کرلیا تھا جس کا انکشاف تحقیقات کے دوران ہوا ہے۔ چیف منسٹر کے مطابق حملہ کے مقام پر موجود سی سی کیمرہ فوٹیج سے پولیس کو اہم شواہد ہاتھ لگے جس کے ذریعہ حملہ آور کی شناخت کی گئی۔ کے سی آر نے کہا کہ شہر میں امن و ضبط کی برقراری کیلئے حکومت نے سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا فیصلہ کیا ہے اور اس کے لئے بجٹ میں مناسب رقم مختص کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک تنصیب کئے گئے سی سی کیمروں کی مدد سے کئی کیسیس کی یکسوئی میں پولیس کو مدد ملی ہے۔ چیف منسٹر نے عوام سے اپیل کی کہ حکومت کی جانب سے لگائے جانے والے سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے کام میں اپنی حصہ داری قبول کریں۔ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعہ ملنے والی تفصیلات کے استعمال کیلئے حیدرآباد میں بین الاقوامی معیار کے کمانڈ اینڈ کنٹرول ادارہ قائم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام عصری سہولتوں کے ساتھ قائم کئے جانے والے پولیس ادارہ کی عمارت کی تعمیر کا جلد ہی آغاز ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ فائرنگ واقعہ کی جامع تحقیقات کے ذریعہ ملزم کو سزا دلانے کیلئے حکومت اقدامات کرے گی۔