حیدرآباد۔4اپریل(سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر الحاج محمد محمو دعلی نے علم کو ملک وملت کا نام روشن کرنے کا ذریعہ قراردیا۔ آج یہاں مفخم جاہ انجینئر نگ کالج کی سالانہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہو ںنے کہاکہ ایم جے کالج تلنگانہ کا قیمتی اثاثہ ہے جہاں کا بہتر تعلیمی نظام ریاست تلنگانہ کی قومی سطح پر نمائندگی کررہا ہے۔انہوں نے مفخم جاہ انجینئر نگ انتظامیہ کو اس موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے انگریزی میگزین میں مذکورہ کالج کو ہندوستان کے 48ویں بہترین کالج کے اعزاز سے نواز ا گیا ہے۔جناب محمد محمودعلی نے کہاکہ تلنگانہ میں مسلمان زراعت اور تعلیم کے شعبہ میں دیگر مذاہب اور طبقات سے کافی پیچھے تھے مگر چندسالوں میں مسلمانوں کے اندر تعلیمی انقلاب پید ا ہوا ہے جو مسلمانو ںکی تعلیمی پسماندگی کو دور کرنے میںمددگارثابت ہوگا۔انہوں نے کہاکہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل سابق ریاست حیدرآباد کے احیاء کے مماثل ہے اس کے علاوہ ریاستی حکومت بھی اقلیتوں کی ترقی کے لئے سنجیدہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ تعلیم کو ریاست میںعام کرنے کے لئے حکومت تلنگانہ جامع منصوبوں پر کام کررہی ہے انہوں نے کہا جاریہ سال حکومت اٹھارہ تا بیس ہزار کروڑ روپئے تعلیم پر خرچ کرتے ہوئے تمام کو یکساں تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کا لائحہ عمل تیار کررہی ہے ۔ انہو ںنے کہاکہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے اقلیتوں کو تعلیم سے جوڑنے کیلئے 450کروڑ روپئے فیس ریمبرسمنٹ اور اسکالرشپ کے لئے جاری کئے گئے۔ جناب محمد محمو دعلی نے کہاکہ انجینئرنگ ایک ایسا شعبہ ہے جس میں ہر سال اصلاحات ہوتے ہیںاور نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آئندہ دس سالوں میں آئی ٹی شعبے میںدس لاکھ سے زیادہ جائیدادوں کی گنجائش متوقع ہے ۔تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈاکٹر آروی چندرا ودن آئی اے ایس نے مفخم جاہ انجینئر نگ انتظامیہ کی کارکردگی کی ستائش کی انہوں نے اپنی تقریر کے دوران مفخم جاہ انجینئر نگ کالج کے طلباء وطالبات کو انجینئرنگ کی اہمیت اور افادیت سے واقف کروایا۔ انہوں نے کہاکہ محنت اور مشقت کے ساتھ پڑھنے والے طلبہ کا مستقبل تابناک ہے۔ جناب ظفرجاوید نے مہمانوں کا استقبال کیا اورابتدائی تعلیمی نظام کو موثر بنانے کی ضرورت پر زوردیا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت تلنگانہ ریاست میںتعلیمی نظام کو بہتر بنانے کی سنجیدہ کوششیں کررہی ہے۔انہوں نے حکومت تلنگانہ کے اقدامات کی ستائش کرتے ہوئے ابتدائی تعلیمی نظام میںبڑے پیمانے پر تبدیلی لانے اور تعلیمی نظام کو عصری بنانے کی ضرورت پر زوردیا۔ ڈائرکٹر مفخم جاہ انجینئر نگ کالج بشیراحمد نے سالانہ رپورٹ پیش کی ان کے علاوہ جناب ولی اللہ‘ میر اکبر علی خان‘ نثار احمد‘ نسیم نتھانی‘ ایس اے وہاب‘ جناب جعفر‘ ابراہیم علی صدیقی‘ مسعود محی الدین قادری‘ ڈاکٹرضیاء وسیم‘ عامر جاوید کے علاو ہ طلبہ کی کثیرتعداد بھی اس موقع پر موجو دتھی۔قبل ازایں مفخم جاہ انجینئر نگ کالج انتظامیہ کی جانب سے تمام مہمانو ںکا استقبال بھی کیاگیا۔