ایمبولنس 108 سرویس ناکارہ ، ڈیزل کی رقم نہ ہونے پر ضعیف خاتون کی موت
حیدرآباد ۔ 4 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : تلگو دیشم پارٹی نے ریاست تلنگانہ کے عوام کی ضروریات کو پورا کرنے ، عوامی مشکلات کی نشاندہی کرنے اور عوام کو راحت بہم پہونچانے میں تلنگانہ حکومت پر مکمل ناکام ہوجانے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ برقی کٹوتی کے باعث کھڑی فصلیں خشک ہو کر زرعی شعبہ کو زبردست نقصان پہونچا ہے ۔ دوسری طرف طبی شعبہ کو بالکلیہ طور پر نظر انداز کر کے عام آدمی کو طبی سہولتیں فراہم کرنے میں بھی حکومت ناکام ہوچکی ہے ۔ اخباری نمائندوں سے آج یہاں بات چیت کرتے ہوئے سینئیر قائد و تلگو دیشم پارٹی ترجمان مسٹر آر چندر شیکھر ریڈی نے یہ بات کہی اور بتایا کہ بالخصوص تلنگانہ اضلاع میں 108 سرویسیس کی گاڑیاں روکدی گئی ہیں ۔ ان گاڑیوں کے روکدینے کی اہم وجہ اڈمنسٹریشن کی غلطیاں اور رقومات جاری کرنے میں غفلت و لاپرواہی ۔ جس سے دیہی علاقوں کے غریب عوام مشکلات سے دوچار ہوچکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری دواخانوں میں ڈاکٹرس اور ادویات نہ رہنے کے باعث مریضوں کی حالت انتہائی قابل رحم ہوچکی ہے ۔ مسٹر چندر شیکھر ریڈی نے حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور دریافت کیا کہ آخر 108 سرویسیس کے لیے ڈیزل رقومات نہ دے کر ان گاڑیوں کو روکدینے کی کیا وجہ ہے اور ڈیزل کی رقومات نہ ہونے کی وجہ سے ہی تمام گاڑیاں رک گئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ڈیزل کی عدم فراہمی کے باعث گذشتہ ہفتہ ضلع محبوب نگر کے ایک منڈل میں بالما نامی ایک غریب خاتون کی موت واقع ہوگئی اس کے باوجود تلنگانہ حکومت کی ترجیحات سمجھ سے قاصر ہیں ۔ غریب عوام کی مشکلات پر حکومت کسی قسم کی توقع نہیں دے رہی ہے ۔ اور کوئی عوامی مسائل کی یکسوئی نہیں کررہی ہے ۔ مسٹر چندرا شیکھر ریڈی نے مزید کہا کہ تلنگانہ اضلاع میں کئی ایک ہاسپٹلس کے ایمبولنس سرویس ناکارہ ہوچکے ہیں ۔ لہذا انہوں نے حکومت تلنگانہ سے فی الفور اپنے مثبت ردعمل کا اظہار کر کے تلنگانہ ریاست میں پائی جانے والی ناگفتہ بہ حالات کو ختم کرنے کے لیے اقدامات کرنے کا پر زور مطالبہ کیا ۔۔