حکومت اور ٹاٹا ٹرسٹ کے مابین کینسر مینجمنٹ پر معاہدہ

صحت کے شعبہ میں پیشرفت ۔ رتن ٹاٹا ‘ کے ٹی راما راؤ و لکشما ریڈی کا اظہار خیال
حیدرآباد۔ یکم مارچ (سیاست نیوز) شعبہ صحت میں تلنگانہ کی مزید پیش قدمی ہوئی ہے۔ حکومت اور ٹاٹا ٹرسٹ کے درمیان کینسر مینجمنٹ معاہدہ طئے پایا۔ وزیر صنعت کے ٹی آر نے ٹاٹا گروپ اور تلنگانہ کے مابین اٹوٹ رشتہ کا دعویٰ کیا۔ رتن ٹاٹا نے صحت کے شعبہ میں حکومت تلنگانہ کی خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیا۔ عوامی صحت کے معاملے میں حکومت تلنگانہ نے پیشرفت کی ہے۔ جامع کینسر کیر مینجمنٹ پروگرام کے تحت ٹاٹا ٹرسٹ سے معاہدہ کیا ہے۔ صحت کے شعبہ میں غیرمعمولی رول ادا کرنے ٹاٹا ٹرسٹ سے معاہدہ تلنگانہ کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا۔ آج ایک تقریب میں وزیر صنعت کے ٹی آر، وزیر صحت لکشما ریڈی اور ٹاٹا گروپ کے صدرنشین رتن ٹاٹا کی موجودگی میں محکمہ صحت کی پرنسپل سیکریٹری شانتی کماری اور ٹاٹا ٹرسٹ کے نمائندے نے دستخط کئے۔ اس موقع پر کے ٹی آر نے کہا کہ ٹاٹا گروپ کا تلنگانہ سے اٹوٹ رشتہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ رتن ٹاٹا نے 15 نومبر 2015ء کو ٹی ہب کا افتتاح کیا تھا۔ 200 گروپ کے ساتھ شروع ہونے والا ٹی ہب 2 ہزار اسٹارٹ اپ کمپنیوں پر محیط ہوگیا ہے اور ساری دنیا میں سب سے بڑے انکیوبیٹر ہب میں تبدیل ہوگیا ہے۔ آج جنگی جہاز سے متعلق ٹاٹا ایربوئنگ سنٹر کا بھی حیدرآباد میں سنٹر کا افتتاح کیا گیا۔ جمشیدپور کے بعد ٹاٹا گروپ کے اہم دفاتر حیدرآباد میں ہیں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ تلنگانہ سرکاری دواخانوں میں دل اور جگر کی پیوندکاری کی جارہی ہے۔

40 ڈائیلاسیس مراکز، 20 آئی سی یو، 10 بچوں کے آئی سی یو سنٹرس، کے سی آر کٹس جیسی کئی منفرد اسکیمات کو روشناس کرایا گیا ہے۔ آئی ایم آر کو 38% سے گھٹاکر 31% کردیا گیا۔ کے سی آر کٹس اسکیم سے سرکاری ہاسپٹلس میں ڈیلوریز 31% سے بڑھ کر 50% تک پہونچ گئے ہیں۔ بغیر آپریشن کی ڈیلوریز کی جارہی ہیں۔ امراض کا پتہ چلانے مفت طبی ٹسٹ کیلئے جارہے ہیں۔ آنکھوں کا مفت آپریشن کیا جارہا ہے۔ ملک میں پہلی مرتبہ فرٹیلٹی سنٹر گاندھی ہاسپٹل میں قائم کیا گیا ہے۔ رتن ٹاٹا نے کہا کہ وہ دو وجوہات کی سبب حیدرآباد آئے ہیں، ایک وجہ کے ٹی آر کی اعلیٰ سوچ اور دوسری صحت کے شعبہ میں حکومت کی خدمات ناقابل فراموش ہیں چنانچہ وہ معاہدہ کرکے فخر محسوس کررہے ہیں۔ ملک کا مستقبل عوام کی صحت سے جڑا ہے۔ ایسے معاہدے عوام کو بیماریوں سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔ ہندوستان کو عالمی سطح پر صحت مند ملک میں تبدیل کرنے ہر ایک کو اپنی ذمہ داری نبھانے کی ضرورت ہے۔ ٹاٹا گروپ حکومت سے معاہدہ کرکے ذمہ داری نبھا رہا ہے۔ مرض کینسر کیلئے امیر وغریب کا کوئی فرق نہیں ہے۔ صحیح وقت پر مناسب علاج ہو تو کینسر پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ صحت مند سماج کی تعمیر کیلئے ٹاٹا گروپ خدمات انجام دے رہا ہے۔ وزیر صحت لکشما ریڈی نے علیحدہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد عوام کو صحت مند رکھنے متعارف کی گئی اسکیمات اور پروگرامس پر روشنی ڈالی۔