حیدرآباد۔ /15اکٹوبر، ( پی ٹی آئی) آندھرا پردیش کے وزیر فینانس یاناملا راما کرشنوڈو نے آج کہا کہ ریزرو بینک آف انڈیا کے گورنر رگھو رام راجن نے آئندہ پانچ سال کے دوران کسانوں کو قرض کے بوجھ سے راحت دلانے کیلئے کسانوں کو با اختیار بنانے کے کارپوریشن کے قیام کے بشمول حکومت آندھرا پردیش کی طرف سے کئے گئے مختلف اقدامات کی ستائش کی۔ ریزرو بینک آف انڈیا ( آر بی آئی) کے گورنر نے آج مسٹر رام کرشنوڈو، رکن پارلیمنٹ وائی ایس چودھری، ریاستی منصوبہ بندی بورڈ کے نائب صدر نشین کٹمیا راؤ، چیف سکریٹری آئی وائی آر کرشنا راؤ کے علاوہ محکمہ فینانس و منصوبہ بندی کے دیگر سرکردہ عہدیداروں کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں تقریباً ایک گھنٹہ تک بات چیت کی۔ بعد ازاں وزیر فینانس نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آر بی آئی کے گورنر اور ان کی ٹیم نے تمام مسائل کے بارے میں واضح طور پر واقف کروایا۔ مابعد تقسیم ریاست کو درپیش مالیاتی و سماجی مسائل بیان کئے گئے۔ انہوں نے حکومت کی طرف سے کئے جانے والے اقدامات کی ستائش کی اور یقین دلایا کہ ریاستی حکومت کے ساتھ آر بی آئی بھرپور تعاون کرے گی۔یاناملا نے رگھو رام راجن کے حوالہ سے کہا کہ’’ حکومت آندھرا پردیش کی جانب سے شروع کردہ اقدامات سے بیحد متاثر ہوئے ہیں۔‘‘ آر بی آئی اور ریاستی حکومت کے مابین اختلافات کا سبب بننے والے کسانوں کو قرض کے بوجھ سے راحت دلانے سے متعلق حساس اسکیم کے بارے میں وزیر فینانس نے کہا کہ آر بی آئی کے گورنر کا رویہ منفی نہیں ہے۔