حکومت آندھرا پردیش کو تلنگانہ کے طرز پر مشن کاکتیہ شروع کرنے کا مشورہ

اننت پور سنگین مسائل کا شکار ،منما دھا راؤچیرمین خشک سالی کمیٹی کا بیان
حیدرآباد۔ 11 مئی (سیاست نیوز) حکومت آندھرا پردیش کو چاہئے کہ وہ ضلع اننت پور جو انتہائی سنگین حالات سے گذر رہا ہے، خشک سالی سے متاثرہ ضلع قرار دیا جائے۔ علاوہ ازیں حکومت آندھرا پردیش بھی حکومت تلنگانہ کے مشن کاکتیہ اسکیم کی طرح رائلسیما میں بھی مشن کاکتیہ اسکیم کا آغاز کرے تاکہ رائلسیما میں پائی جانے والی والی خشک سالی سے نمٹنے کے علاوہ تالابوں اور کنٹوں کی صاف صفائی کے نتیجہ میں قلت آب کا مسئلہ بھی حل ہوگا۔ یہ بات آج یہاں جنرل سیکریٹری ہیومن رائیٹس سوسائٹی مسٹر این راجیشور راؤ، چیرمین خشک سالی کمیٹی برائے ضلع اننت پور مسٹر کے منما دھا راؤ نے پریس کانفرنس میں بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ علاقہ رائلسیما بالخصوص ضلع اننت پور میں عوام کو پینے کے پانی کی شدید قلت ہے جہاں پر 3 دن میں ایک مرتبہ پانی کی سربراہی عمل میں آرہی ہے۔ ضلع بھر میں خشک سالی کی وجہ سے کسان طبقہ پریشان حال ہے جس کے نتیجہ میں عوام نقل مقام کرنے پر مجبور ہیں اور پینے کے پانی کی ٹینکرس کے ذریعہ 2 تا 3 دن میں ایک مرتبہ سربراہ کی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایچ ار ایس کی زیرنگرانی حقائق کا پتہ چلانے والی کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا جس کے ذریعہ ضلع اننت پور کے 7 حلقہ جات اسمبلیوں میں واقع 14 منڈلوں کے حدود میں واقع 30 مواضعات کا ماہ مارچ میں دورہ کرکے حالات کا جائزہ لیا تھا اور کمیٹی کی جانب سے عوام اور سیاسی قائدین سے ملاقات کرکے عوامی مسائل سے واقفیت حاصل کی گئی تھی۔