حکومت آندھرا پردیش پر تقسیم ریاست کے قوانین کی خلاف ورزی کا الزام

تلنگانہ انٹر میڈیٹ بورڈ کے لوگو کی رسم اجراء ، وزیر تعلیم جگدیش ریڈی کا خطاب
حیدرآباد۔ 5 ۔ جنوری (سیاست نیوز) وزیر تعلیم جگدیش ریڈی نے الزام عائد کیا کہ آندھراپردیش کی تقسیم کے موقع پر مرکزی حکومت نے جو قوانین مدون کئے تھے، آندھراپردیش حکومت ہر قدم پر ان کی خلاف ورزی کر رہی ہے ۔ تلنگانہ انٹرمیڈیٹ بورڈ کے لوگو کی رسم اجراء کے بعد وزیر تعلیم نے کہا کہ ریاست کی تقسیم کے موقع پر مرکز نے مختلف شعبوں میں دونوں ریاستوں کی حصہ داری اور حقوق طئے کرتے ہوئے قانون سازی کی تھی۔ حکومتوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ قانون کے مطابق عمل کرے لیکن آندھراپردیش حکومت جان بوجھ کر قوانین کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔ ریاست کی تقسیم کے بعد سے ہی اہم معاملات میں آندھراپردیش کی جانب سے تنازعات پیدا کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے امتحانات اور کامن انٹرنس ٹسٹ کے انعقاد کے مسئلہ پر آندھراپردیش کی جانب سے پیدا کردہ تنازعہ پر برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایمسیٹ کے انعقاد کے سلسلہ میں آندھراپردیش حکومت کا رویہ افسوسناک ہے۔ انہوںنے کہا کہ آندھراپردیش حکومت کو چاہئے کہ وہ نو قائم شدہ ریاست تلنگانہ کی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل تعاون کرے تاکہ ریاست کی بہتر طورپر ترقی ہوسکے لیکن آندھراپردیش کا رویہ اس کے برخلاف ہے۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ آندھراپردیش حکومت ابھی بھی تلنگانہ عوام پر اپنا تسلط برقرار رکھنا چاہتی ہے۔ ریاست کی تقسیم کیلئے جدوجہد کرنے پر تلنگانہ عوام کے ساتھ دشمنی کا رویہ اختیار کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ تلنگانہ میں ایمسیٹ تلنگانہ حکومت ہی منعقد کرے گی اور اس سلسلہ میں کسی سمجھوتہ کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ آندھراپردیش میں تلنگانہ حکومت سے مشاورت کے بغیر ہی یکطرفہ طور پر ایمسیٹ اور دیگر انٹرنس امتحانات کے انعقاد کا اعلان کردیا۔ جگدیش ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ کے طلبہ سے مکمل انصاف کیلئے حکومت اپنے طور پر ایمسیٹ منعقد کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایمسیٹ کے مسئلہ پر اپنے موقف کی وضاحت کیلئے وہ گورنر سے مزید ملاقاتوں کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کونسل فار ٹکنیکل ایجوکیشن جلد ہی ایمسیٹ کی تاریخوں کا اعلان کردے گی۔ واضح رہے کہ ایمسیٹ کے تنازعہ کی یکسوئی کیلئے گورنر ای ایس ایل نرسمہن نے دو مرتبہ دونوں ریاستوں کے وزرائے تعلیم کا مشترکہ اجلاس طلب کیا تھا لیکن کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا۔ دونوں ریاستیں اپنے اپنے موقف پر قائم ہیں۔ تلنگانہ حکومت نے تجویز پیش کی کہ وہ آندھراپردیش کے لئے بھی ایمسیٹ کے انعقاد کیلئے تیار ہے۔ بتایا جاتاہے کہ گورنر یوم جمہوریہ کے موقع پر اس تنازعہ پر دونوں ریاستوں کے چیف منسٹرس سے مشاورت کا منصوبہ رکھتے ہیں۔