حیدرآباد /20 مارچ (سیاست نیوز) فلم اسٹار سے سیاست داں بننے والی وائی ایس آر کانگریس کی رکن اسمبلی مسز روجا نے سیاسی انتقام کے طورپر تلگودیشم کی وزیر مسز پی سجاتا کے ذریعہ ایس سی، ایس ٹی مظالم مقدمہ درج کرانے کا الزام عائد کیا۔ آج میڈیا سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ کل اسمبلی میں حکمراں تلگودیشم نے من مانی کی کوشش کی اور عددی طاقت کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے اپوزیشن کی آواز دبانے کی کوشش کی، یہاں تک کہ قائد اپوزیشن جگن موہن ریڈی کو بات کرنے سے روکا گیا۔ انھوں نے کہا کہ عوامی مسائل کو موضوع بحث بنانے میں وائی ایس آر سی پی اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کر رہی ہے، تاہم تلگودیشم نے منظم سازش کے تحت اپنی ناکامیوں کو چھپانے اور حقائق کو عوام تک پہنچنے سے روکنے کے لئے غیر ضروری مداخلت کی۔ انھوں نے کہا کہ حکمراں جماعت اصل موضوع سے ایوان اور عوام کی توجہ ہٹانے کے لئے ذاتی مسائل کو چھیڑکر اپوزیشن کو مشتعل کرنا چاہتی ہے، جب کہ وائی ایس آر کانگریس عوامی مسائل کو منظر عام پر لانے کے لئے صبر و تحمل سے کام لے رہی ہے۔ اس کے باوجود جب عزت نفس کی بات آگئی تو پارٹی نے احتجاج کیا اور اس کے 8 ارکان کو اسمبلی سے معطل کردیا گیا۔ انھوں نے تلگودیشم ارکان کی تلخ کلامی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کل اسمبلی میں پیش آئے واقعہ کی ویڈیو ایڈیٹنگ کرکے تلگودیشم حلقوں میں گھمایا جا رہا ہے، جس کی وائی ایس آر سی پی سخت مذمت کرتی ہے۔ اس ویڈیو کلپنگ کو منظر عام پر لانے والوں کے خلاف وہ سکریٹری آندھرا پردیش سے شکایت کرچکی ہیں۔