حکومت ، جی ایس ٹی بل پر کانگریس سے رجوع ہوگی

قانون کی منظوری میں تعاون کیلئے اپوزیشن سے درخواست : جیٹلی
نئی دہلی ۔ 29 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) پارلیمنٹ میں جی ایس ٹی بل کی منظوری میں تاخیر پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے وزیر فینانس ارون جیٹلی نے کہاکہ حکومت اس بل کو منظور کرانے میں عین دلچسپی رکھتی ہے ۔ گزشتہ ماہ بجٹ سیشن کے آغاز کے بعد اس کی کارروائی کا نصف حصہ گذرچکا ہے ۔ اب مابقی ایام کے اندر بل کی منظوری کو یقینی بنانے کیلئے حکومت کی جانب سے کوشش کی جارہی ہے ۔ اس سلسلہ میں کانگریس سے رجوع ہوکر تعاون کی خواہش کی جائے گی ۔ میں اپنے طورپر یہ کہنا چاہتا ہوں کہ کانگریس کو بل کی منظوری کیلئے ترغیب دی جائے گی ۔ گڈس اینڈ سرویس ٹیکس بل کو گزشتہ سال مئی میں لوک سبھا نے منظور کیا ہے جہاں حکمراں پارٹی این ڈی اے کو اکثریت حاصل ہے جبکہ راجیہ سبھا یا ایوان بالا میں حکومت اقلیت میں ہونے کی وجہ سے بل ناکام ہوا ہے ۔ ارون جیٹلی نے کہا کہ میں نے یہ تیقن دیا کہ اس بل کے اندر ٹیکس کی شرح کو واجبی اور معقول بنایا گیا ہے اور میں اپوزیشن کے اس جذبہ اور تجویز کا خیرمقدم کرتا ہوں کہ اس بل کی ٹیکس شرح کو 18 فیصد سے تجاوز نہ کرنے کی سفارش کی گئی ہے اور مجھے اس تجویز پر عمل کرنے میں کوئی مشکل نہیں ہے ۔ جی ایس ٹی بل ہندوستان کا سب سے بڑا بالواسطہ ٹیکس اصلاحات بل ہے ۔ آزادی کے بعد سے یہ پہلی مرتبہ پیش کیا جارہا ہے ۔