اتم کمار ریڈی، آر سی کنٹیا کی نئی دہلی میں راہول گاندھی سے ملاقات ، آج اہم اجلاس
حیدرآباد۔/31اکٹوبر، ( سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی اور تلنگانہ انچارج آر سی کنٹیا نے آج دہلی میں کانگریس کے قومی صدر راہول گاندھی سے ملاقات کی اور عظیم اتحاد کی حلیف جماعتوں میں نشستوں کی تقسیم اور کانگریس امیدواروں کو قطعیت دینے کے علاوہ دیگر اُمور پر تبادلہ خیال کیا ۔ یکم نومبر کو صبح 11 بجے سونیا گاندھی کی قیامگاہ پر کانگریس پارٹی سنٹرل الیکشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوگا، شام میں یا دوسرے دن کانگریس امیدواروں کی پہلی فہرست جاری ہونے کا قوی امکان ہے۔ کانگریس پارٹی ہائی کمان کی طلبی پر اتم کمار ریڈی اور سکریٹری اے آئی سی سی و انچارج تلنگانہ کانگریس اُمور آر سی کنٹیا نے راہول گاندھی سے ملاقات کی اور ریاست کی تازہ سیاسی صورتحال سے انہیں واقف کرایا۔ عظیم اتحاد کی تشکیل اور نشستوں کی تقسیم پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ تلگودیشم کو 14، تلنگانہ جنا سمیتی کو 8 اور سی پی آئی کو 4 اسمبلی حلقے دینے سے کانگریس نے اُصولی طور پر اتفاق کیا ہے اور اپنے فیصلے سے تینوں جماعتوں کو بھی واقف کرادیا گیا ہے۔ تینوں جماعتیں اپنے لئے مزید نشستیں طلب کررہی ہیں مگر انہیں حکومت تشکیل دینے پر ایم ایل سی کے علاوہ کارپوریشن اور بورڈ کے نامزد عہدے دینے کا تیقن دیا جارہا ہے۔ ذرائع سے یہ بھی پتہ چلا ہے کہ صدر کانگریس راہول گاندھی نے اے آئی سی سی کی جانب سے تلنگانہ میں کرائے گئے سروے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عظیم اتحاد کی تشکیل سے کانگریس کی پوزیشن مستحکم ضرور ہوئی ہے مگر سادہ اکثریت حاصل کرنے کیلئے مزید محنت کرنے، حکومت کی ناکامیوں کو آشکار کرنے، کانگریس کے منشور کی بڑے پیمانے پر تشہیر کرتے ہوئے عوامی اعتماد حاصل کرنے پر زور دیا۔ تلنگانہ کے مزید چند قائدین کو دہلی طلب کیا گیا ہے ۔ یکم نومبر کو کانگریس ہائی کمان کے قائدین کامیابی کے روڈ میاپ پر ان سے تبادلہ خیال کریں گے۔ چار دن تک حیدرآباد میں قیام کرنے والی اے آئی سی سی اسکریننگ کمیٹی کل شام پارٹی امیدواروں کی فہرست کے ساتھ دہلی روانہ ہوچکی ہے۔ یکم نومبر کو یو پی اے کی چیرپرسن سونیا گاندھی کی قیامگاہ پر صبح 11 بجے کانگریس پارٹی سنٹرل الیکشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوگا۔ جس میں کانگریس کے تقریباً 40 امیدواروں کی فہرست کو منظوری دے دی جائے گی۔ اُمید کی جارہی ہے کہ یکم نومبر کی شام یا 2 نومبر کو امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کردی جائے گی۔
جگن پر حملہ کا معاملہ۔ہائی کورٹ میں سماعت ملتوی
حیدرآباد31اکتوبر(یواین آئی)اے پی کے اپوزیشن لیڈر و وائی ایس آرکانگریس پارٹی کے سربراہ وائی ایس جگن موہن ریڈی پر ہوئے قاتلانہ حملہ کے معاملہ کی سماعت حیدرآباد ہائی کورٹ نے جمعرات تک کیلئے ملتوی کردی ہے ۔جگن پر حملہ کے واقعہ کی آزادانہ جانچ ایجنسی کے ذریعہ جانچ کروانے کی خواہش کرتے ہوئے ان ہی کی پارٹی کے لیڈر وائی وی سباریڈی نے عدالت میں عرضی داخل کی تھی۔