حکومتوں کی کوتاہیاں منظرعام پر ،قانون حق معلومات کارکرد ثابت

ٹی آر سی کا مذاکرہ، آر ٹی آئی جہدکار بی راکیش ریڈی کا خطاب
حیدرآباد۔12اپریل(سیاست نیوز)قانون حق معلومات کے تحت عام آدمی کی جانب سے داخل کردہ درخواست پر تفصیلات کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہوگی۔ سال2005میں قانون حق معلومات کا نفاذ عمل میں آنے کے بعد ریاستی اور مرکزی انتظامیہ کی بے شمار کوتاہیوں کو منظر عام پر لانے میں قانون حق معلومات کارکرد ثابت ہوا۔معروف آرٹی آئی جہدکار بی رکیش ریڈی نے چندرم حمایت نگر میں منعقدہ تلنگانہ ریسور س سنٹر کے ’’تلنگانہ ریاست کی ترقی میں آرٹی آئی ایکٹ کا رول ‘‘ کے عنوان پر منعقدہ 169ویں مذاکرے سے خطاب کے دوران ان خیالات کا اظہار کیا۔ راکیش ریڈی نے کہاکہ قانون حق معلومات کے نفاذ سے قبل مرکزی حکومت نے مذکورہ قانون کو کارگرد بنانے کے لئے سیول سوسائٹیز کی پیش کردہ سفارشات کوترجیح دی ہے۔ انہوں نے کہاکہ قانون حق معلومات کے تحت پوچھی گئی ہر قسم کی معلومات عام آدمی کو فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ مسٹر راکیش ریڈی نے قانون حق معلومات کے استعمال کو حکومت اور عوام کے درمیان میں شفاف حکمرانی کا موثر طریقہ قراردیا۔ انہوں نے کہاکہ ریاستی محکموں میں بدعنوانی اور تغلب کاریوں کی روک تھام کے لئے قانون حق معلومات کا استحکام ضروری ہے۔ مسٹر راکیش ریڈی نے متحدہ ریاست آندھرا پردیش میں قانون حق معلومات کو نافذ کرنے کے لئے سیول سوسائٹی و رضاکارانہ تنظیموں کی کوشش کو قابلِ ستائش قراردیا۔ انہوں نے تلنگانہ ریاست میں بھی قانون حق معلومات کو موثر بنانے کے لئے عوام میں شعور بیداری مہم چلانے کی ضرورت پرزوردیا۔