ممبئی ۔ 3 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مودی انتظامیہ کو اقتدار سے بیدخل کرنے مبینہ ماؤنواز سازشی میں ملوث بائیں بازو کے پانچ جہد کاروں کو گرفتار کرنے مہاراشٹرا پولیس کے دعویٰ کو احمقانہ قرار دیا اور کہا کہ حکومتوں کو ماؤنواز نہیں بلکہ عوام ہی حکومتوں کو اقتدار سے بیدخل کیا کرتے ہیں۔ بی جے پی سے روٹھی ہوئی حلیف جماعت نے کہا کہ ماؤنوازوں سے وزیراعظم نریندر مودی کی سیکوریٹی کو لاحق خطرات سے متعلق پولیس کا دعویٰ محض ا یک سازشی منطق ہے۔ ادھو ٹھاکرے کے زیر قیادت علاقائی جماعت نے کہا ہے کہ مودی کو موثر سیکوریٹی حاصل ہے چنانچہ اس محاذ پر فکر و تشویش کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔ شیوسینا کے ترجمان مرہٹی روزنامہ ’’سامنا‘‘ نے آج اپنے اداریہ میں لکھا کہ ’’حکومت کو اب یہ کہنا بند کردینا چاہئے کہ یہ نام نہاد ماؤنواز مرکز میں بیٹھی مودی حکومت کو بیدخل کرنے کی صلاحیت کے حامل ہوسکتے ہیں۔ یہ محض ایک احمقانہ بیان ہے‘‘۔ سامنا نے مزید لکھا کہ ’’منموہن سنگھ کی (کانگریس کے زیر قیادت یوپی اے) حکومت کو ماؤنوازوں یا نکسلائٹس نے نہیں بلکہ اس ملک کے عوام نے اقتدار سے بیدخل کیا تھا ۔ حالیہ عرصہ کے دوران حکمراں جماعتیں صرف جمہوری عمل کے ذریعہ ہی تبدیل ہوئی ہیں‘‘ ۔ اس زعفرانی جماعت نے پولیس کو مشورہ دیا کہ وہ اس قسم کے دعوے کرنے کے معاملہ میں صبر و تحمل سے کام لیں۔ سامنا نے لکھا کہ ’’اگر ان ماؤنوازوں میں حکومتوں کو بیدخل کرنے کی طاقت ہوتی تو وہ (بائیں بازو کی جماعتیں) مغربی بنگال ، تریپورہ اور منی پور میں اپنے کنٹرول سے محروم نہ ہوتے ۔