نئی دہلی25اپریل(سیاست ڈاٹ کام ) آرمڈ فورسز ٹریبونل نے بحریہ کے سربراہ کی تقرری کو چیلنج کرنے والی وائس ایڈمیرل ومل ورما کی قانونی شکایت پروزارت دفاع کو 15 مئی تک فیصلہ کرنے کی ہدایت دی ہے ۔وائس ایڈمیرل ورما نے شکایت میں کہا ہے کہ بحریہ کے سربراہ کی تقرری میں ان کی سینئرٹی کو نظر انداز کرکے ان کے جونیئر افسر کو بحریہ کی کمان سونپی گئی۔ ایڈمیرل ورما نے وزارت دفاع کے وائس ایڈمیرل کرمبیر سنگھ کو بحریہ کا سربراہ بنانے کے 23 مارچ کے فیصلے کے خلاف 9 اپریل کو ٹریبونل میں شکایت داخل کی تھی۔ ٹریبونل نے ان سے کہا تھا کہ پہلے وہ وزارت دفاع میں قانونی شکایت کریں اور اگر وہاں ان کی شنوائی نہیں ہوتی ہے تو وہ دوبارہ ٹریبونل آ سکتے ہیں۔