حکمران طبقہ کی ہٹ دھرمی شرمناک

اسمبلی رکنیت کی بحالی پر ہائی کورٹ فیصلہ کا احترام ضروری : ڈی شرون
حیدرآباد ۔ 21۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : ترجمان اعلیٰ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ڈی شرون نے ارکان اسمبلی کی رکنیت منسوخ کرنے کے معاملے میں ہائی کورٹ کے فیصلے کا احترام کرنے کے بجائے حکمران طبقہ کی ہٹ دھرمی کو باعث شرم قرار دیا ۔ آج گاندھی بھون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی شرون نے کہا کہ حکومت نے ایک منظم سازش کے تحت صدر نشین تلنگانہ قانون ساز کونسل سوامی گوڑ پر حملہ کرنے کا ڈرامہ تیار کیا ہے ۔ جس کی چیف منسٹر کے سی آر نے اسکرپٹ تیار کی اور ہریش راؤ کی پیش کردہ قرار داد کو اسپیکر اسمبلی مدھو سدن چاری نے دباؤ میں منظوری دے دی ۔ مگر ہائی کورٹ میں حکومت حملہ کا ویڈیو فوٹیج بطور ثبوت فراہم کرنے میں ناکام ہوگئی جس پر ہائی کورٹ نے ارکان اسمبلی کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اور سمپت کمار کی رکنیت منسوخ کرنے کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا اور دونوں ارکان اسمبلی کی رکنیت کو بحال کردیا ۔ ہائی کورٹ کا یہ فیصلہ حکومت کے منہ پر طمانچہ ہے ۔ فیصلے کا احترام کرنے کے بجائے حکمران طبقہ ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کررہا ہے ۔ راست طور پر میڈیا سے بات چیت کرنے اور حکومت کے موقف سے واقف کرانے کے بجائے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے ہائی کورٹ کے فیصلے کو قبول نہ کرنے دونوں ارکان اسمبلی کو اسمبلی میں قدم رکھنے نہ دینے سینئیر وکلاء کی خدمات سے استفادہ کرنے ہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کی باتیں کرتے ہوئے اپنے گھمنڈ و تکبر کا ثبوت پیش کررہے ہیں اگر حکمران طبقہ کا یہی رویہ رہا تو آج قانون کی عدالت میں حکومت کی شکست ہوئی ہے ۔ آئندہ انتخابات میں عوامی عدالت میں ٹی آر ایس کو شکست ہوگی ۔۔