سرینگر۔29نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) عہدیداروں نے آج سخت گیر حُریت کانفرنس کو سید علی شاہ گیلانی صدرنشین سخت گیر حُریت کانفرنس کی قیام گاہ کے روبرو سمینار کا اہتمام کرنے کی اجازت نہیں دی ۔ حُریت کانفرنس نے اسلام ۔ انسانیت کا محافظ کے عنوان پر گیلانی کی قیامگاہ حیدرپورہ کے روبرو سرینگرایئرپورٹ روڈ پر آج سمینار منعقد کرنے کا اہتمام کیا تھا ‘ تاہم پولیس نے اس کی اجازت نہیں دی اور 6 افراد بشمول حُریت کارکنوں کو اس اقدام پرحراست میں لے لیا ۔ گیلانی اپنی قیام گاہ پر نذربندہیں ‘ تاہم انہیں اپنی پارٹی کے کارکنوں سے ملاقات کرنے کی اجازت ہے ۔
وزیر دفاع منوہر پاریکر کے دورۂ امریکہ کا جمعہ سے آغاز
نئی دہلی۔ 29 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیر دفاع منوہر پاریکر اس ہفتہ امریکہ کے ایک اہم دورہ پر روانہ ہوں گے۔ اس دوران وہ دفاعی تجارت اور ٹیکنالوجی کے فروغ میں پیشرفت پر توجہ مرکوز کریں گے۔ دونوں ممالک مستقبل کی ضروریات پر مبنی فوجی ٹیکنالوجی کی مشترکہ تیاری و فروغ میں وسیع تر تعاون کے ساتھ کررہے ہیں۔ دفاعی ذرائع کے مطابق پاریکر 4 ڈسمبر کو امریکہ روانہ ہوں گے اور 12 ڈسمبر کو اُن کی واپسی ہوگی۔ 15 ڈسمبر کو طیارہ بردار جہاز آئی این ایس وکرم آدتیہ میں مشترکہ کمانڈرس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔
پاریکر واشنگٹن میں اپنے امریکی ہم منصب ایشٹن کارٹر کے علاوہ پینٹگان میں خصوصی طور پر قائم کردہ ہندوستانی سریع العمل کارروائی سیل کے سربراہ کیتھ ویبسٹر اور دیگر ذمہ داروں سے بات چیت کریں گے۔ ہندوستان وہ واحد ملک ہے جس کا پینٹگان میں خصوصی سیل قائم کیا گیا ہے۔