حوثی لیڈر پرجوتا پھینکنے والی یمنی صحافی کا مکان مسمار

عدن۔22 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) یمن کے جنوبی شہر عدن میں حوثی باغیوں نے حال ہی میں جنیوا اجلاس کے دوران حوثی لیڈر حمزہ الحوثی پر جوتا پھینکنے والی صحافیہ ذکریٰ عراسی کا مکان مسمار کردیا ہے۔ دوسری جانب اس واقعے کو گذرے کئی دن گذرنے کے باوجود یوٹیوب پر اس کے ناظرین کی تعداد میں بدستور غیر معمولی اضافہ ہو رہا ہے۔عدن کے ایک مقامی ذریعے نے ’العربیہ‘ کو بتایا کہ حوثی باغیوں نے حمزہ الحوثی پر جنیوا اجلاس کے دوران جوتا پھینکنے والی خاتون صحافی کا مکان مسمار کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق باغیوں نے ذکریٰ عراسی کے مکان کو دھماکہ خیز مواد نصب کر کے تباہ کیا ہے۔ادھر دوسری جانب انٹرنیٹ پر جوتا پھینکے جانے کی ویڈیو کو دیکھنے والوں کی تعداد میں غیرمعمولی اضافہ ہو رہا ہے۔ چند دن کے دوران اسے یمن کے اندر 20 لاکھ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔