حملہ کی تحقیقات آزادانہ ایجنسی سے کروانے ‘ جگن کی ہائیکورٹ میں درخواست

حیدرآباد ۔ یکم نومبر ( پی ٹی آئی ) وائی ایس آر کانگریس کے صدر جگن موہن ریڈی نے حیدرآباد ہائیکورٹ سے رجوع ہوتے ہوئے ایک درخواست دائر کی ہے جس میں استدعا کی گئی ہے کہ حکومت آندھرا پردیش کو ان پر ہوئے حملہ کے مقدمہ کی تحقیقات کسی آزادانہ ایجنسی کے حوالے کرنے کی ہدایت دی جائے ۔ آندھرا پردیش کے معتمد داخلہ ‘ ڈی جی پی اور چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو کو جوابدہ بناتے ہوئے یہ درخواست دائر کی گئی ہے ۔ درخواست گذار کے وکیل نے یہ بات بتائی ۔ جگن موہن ریڈی پر 25 اکٹوبر کو وشاکھاپٹنم ائرپورٹ پر حملہ کیا گیا تھا ۔ ایک شخص نے چاقو سے ان کے کندھے کو نشانہ بنایا تھا ۔ حملہ آور کی جے سرینواس کی حیثیت سے شناخت ہوئی ہے اور وہ ائرپورٹ کینٹین کا ملازم ہے ۔ اس حملہ میں جگن کے بازو پر زخم آیا تھا ۔