حملہ میں زخمی دلت نوجوانوں کا نفسیاتی علاج

گجرات میں مزید 2گاؤ رکھشک گرفتار
احمد آباد۔/29جولائی، ( سیاست ڈاٹ کام ) گاؤ کشی کے شبہ پر اشرار کے حملہ میں زخمی 4دلتوں کو کل تشویشناک حالت میں احمد آباد کے سرکاری ہاسپٹل میں شریک کردیا گیا ہے جہاں پر ان افراد کا افسردگی اور پژمردگی کا علاج کیا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ گیرسومناتھ ضلع میں موٹا سمدھیالہ گاؤں کے متوطن نوجوانوں اشوک سرویا، مشرام سرویا، بیچاسرویا اور رمیش سرویا کو ایک گائے کی ہلاکت کے شبہ میں گاؤ رکھشکوں نے نیم برہنہ کرکے شدید زدوکوب کیا تھا۔ جبکہ انہیں 11جولائی کو گائے کی کھال اُتارتے ہوئے پکڑا گیا تھا۔ ڈاکٹروں کے یہ کہنے پر کہ نوجوانوں کی حالت بہتر ہوگئی ہے منگلک ے دن راجکوٹ سیول ہاسپٹل سے ڈسچارج کردیا گیا تھا لیکن شدید اعضاء شکنی اور پیچیدگیوں کی شکایت پر رشتہ داروں نے انہیں دوبارہ احمد آباد کے ہاسپٹل سے  رجوع کیا ہے۔سیول ہاسپٹل کے سپرنٹنڈنٹ ڈی ایم ایم پربھاکر نے بتایا کہ یہ نوجوان نفسیاتی دباؤ کا شکار ہیں اگرچیکہ گزشتہ 13گھنٹوں کے دوران ان کی حالت میں سدھار ہوا ہے لیکن وہ اعضاء شکنی کی شکایت کررہے ہیں جس کے پیش نظر  ماہرین نفسیات کی ٹیم ہر روز ان کا معائنہ کررہی ہے ۔ گجرات کے وزیر سماجی انصاف اور تفویض اختیارات مسٹر رمن لال وورا اور عام آدمی پارٹی لیڈر کنوکلسر یا نے آج ہاسپٹل میں زیر علاج نوجوانوں سے ملاقات کی۔