حمایت ویکجہتی کیلئے تمام لوگوں کا شکریہ :محبوبہ مفتی

سری نگر ۔22مئی (سیاست ڈاٹ کام) جموں وکشمیر کی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے اُن لوگوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے موصوفہ کے خلاف انتہائی ناشائستہ زبان استعمال کرنے والے بی جے پی لیڈر کے بھائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کیساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔محبوبہ مفتی نے ٹویٹر پر اپنے ایک ٹویٹ میں لکھا ‘حمایت اور یکجہتی کیلئے تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں۔ ناشائستہ بیان اور اس کے اظہار کا ڈھنگ کٹھوعہ ریپ معاملے کے پیچھے چھپی افسوسناک ذہنیت کا عکاس ہے ‘۔ دریں اثنا ریاستی پولیس نے وزیر اعلیٰ کیخلاف انتہائی شرمناک زبان استعمال کرنے والے بی جے پی کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر چودھری لال سنگھ کے بھائی چودھری راجندر سنگھ کیخلاف مقدمہ درج کرلیا ہے ۔نیشنل کانفرنس کے کارگذار صدر عمر عبداللہ نے پیر کے روز مطالبہ کیا تھا کہ وزیر اعلیٰ کیخلاف ناشائستہ زبان استعمال کرنے والے بی جے پی لیڈر کے بھائی کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے ۔ انہوں نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ‘محبوبہ مفتی کے خلاف بالکل ناقابل قبول زبان کا استعمال کیا گیا ہے ۔ میں اس کی مذمت کرتے ہوئے جموں وکشمیر پولیس سے گذارش کرتا ہوں کہ بدسلوکی کرنے والے اس شخص کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے’۔