حماس کے سینئر عہدیدار کی ’’حادثاتی‘‘ موت

غزہ سٹی (فلسطینی سرحدیں) ۔ 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) حماس کے ایک سینئر آفیسر جنہوں نے تین ہفتہ قبل اپنے سر میں گولی مارلی تھی، آج علاج کے دوران جانبر نہ ہوسکے۔ اس واقعہ کو دیگر عہدیداروں نے ایک حادثہ سے تعبیر کیا تھا۔ اسی دوران حماس کی جانب سے جاری کئے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہیکہ عماد العالمی جو حماس کی اعلیٰ سطحی سیاسی مجلس کے سابق رکن ہونے کے علاوہ ایران میں اس کے سفیر بھی تھے، کل رات انتقال کر گئے۔ ان کی تجہیز و تکفین آج عمل میں آئے گی جہاں توقع ہیکہ ہزاروں افراد شرکت کریں گے۔ حماس نے اس واقعہ پر جو بیان جاری کیا تھا اس کے مطابق غزہ میں اپنے مکان پر جس وقت عماد اپنی گن کی جانچ کررہے تھے تو حادثاتی طور پر گولی چل گئی تاہم یہ حادثہ کن حالات میں رونما ہوا اس کی کوئی وضاحت پیش نہیں کی گئی۔ عماد عرصہ دراز سے حماس کے رکن ہیں جو کئی دہوں سے غزہ پٹی پر حکمراں ہے جبکہ اسرائیل نے ان پر ہمیشہ یہ الزام عائد کیا تھا کہ اسرائیل پر کئے جانے والے متعدد حملوں کیلئے وہی ذمہ دار ہیں۔