غزہ ۔ 26 ۔ جولائی : ( سیاست ڈاٹ کام) : اسرائیلیوں نے حماس کی قابلیت کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا مقابلہ ایک مضبوط دشمن سے ہے ۔ فلسطین میں اسرائیل نے زمینی کارروائی اور فضائی حملے بھی کئے ۔ تاہم ابھی تک اسرائیلی فوج علاقے کا مکمل کنٹرول حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے ۔ حماس کے جنگجوؤں نے پچھلی تمام لڑائیوں کے مقابلے میں اسرائیلی فوج کو اس تنازعے میں سب سے زیادہ نقصان پہنچایا ہے ۔ حماس کی جانب سے سرنگوں ، بارودی سرنگوں اور گھات لگاکر حملہ کرنے والے نشانہ بازوں کا استعمال کیا جارہا ہے ۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان لیفٹننٹ کرنل پیٹر لرنر نے میڈیا کو بتایا کہ حماس کے جنگجو تربیت یافتہ ہیں ۔ ان کے پاس اسلحہ کی کوئی کمی نہیں اور ان کے حوصلے بلند ہیں ۔ ہمارا مقابلہ ایک مضبوط دشمن سے ہے ۔ حیران کن بات یہ ہے کہ انہوں نے گذشتہ آٹھ سال کے دوران زیر زمین غزہ قائم کردیا ہے ۔ سرنگوں کا استعمال کرتے ہوئے حماس کے جنگجوؤں نے اب تک 40 اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک کیا ہے جو کہ گذشتہ اسرائیل فلسطین تنازعے کے مقابلے میں تین گنا زیادہ ہے ۔۔