حلیم

پہلے ایک دیگچی میں ایک کیلو گوشت، ایک پیالی گھی یا تیل، دو کھانے کے چمچے ادرک لہسن کا پیسٹ، ایک چائے کا چمچہ پسا ہوا گرم مصالحہ، ایک کھانے کا چمچہ پسی ہوئی لال مرچ، تین عدد باریک کٹی درمیانی پیاز، ایک چائے کا چمچہ ہلدی، دیڑھ کھانے کا چمچہ پسا ہوا دھنیا اور حسب ذائقہ نمک ڈال کر ہلکی آنچ پر پکائیں۔ اب دیڑھ کیلو کٹا ہوا گیہوں الگ دیگچی میں بہت سارے پانی کے ساتھ اُبلنے کے لئے رکھ دیں۔ ساتھ ساتھ چمچہ ہلاتے رہیں۔ جب گیہوں میں لیس آنے لگے تو اس میں پاؤ چائے کا چمچہ میٹھا سوڈا شامل کردیں۔جب گیہوں اچھی طرح گل جائے تو اسے چکن میں ملاکر ہلکی آنچ پر پکنے دیں۔ چکن اور گیہوں کے یک جان ہونے کے بعد ان میں ایک پیالی اُبلی اور پسی ہوئی چنے کی دال کو دو پیالی پانی کے ساتھ شامل کریں اور اچھی طرح چلاکر دم پر رکھ دیں۔ اب حلیم پر ایک گٹھی باریک کٹا ہوا پودینہ، ایک گٹھی باریک کٹا ہرا دھنیا، 6 عدد باریک کٹی ہری مرچ، دو کھانے کے چمچے باریک کٹی ادرک اور ایک کھانے کا چمچہ پسا ہوا گرم مصالحہ بھی ڈال دیں۔جتنی دیر حلیم پکے گی، اتنی ہی مزے دار ہوگی۔ اس کے بعد ایک چھوٹی دیگچی میں دو پیالی گھی یا تیل گرم کرکے دو عدد درمیانی باریک کٹی ہوئی پیاز براؤن کریں اور نکال کر اخبار پر پھیلادیں۔ آخر میں حلیم کے ساتھ 4 عدد ٹکڑے کٹے ہوئے لیموں، تلی ہوئی پیاز اور گرم گرم گھی الگ الگ رکھ کر پیش کریں۔