حلقہ کاروان میں امید کی نئی کرن : عثمان الہاجری

کانگریس کے حق میں ووٹ دینے کی اپیل ‘ وعدوں کی تکمیل کا عہد
حیدرآباد۔6ڈسمبر(سیاست نیوز) حلقہ اسمبلی کاروان میں نئی امید کی کرن پیدا ہوچکی ہے اور عوام تبدیلی کی سمت تیزی سے رواں دواں ہیں ۔جناب عثمان بن محمد الہاجری نے حلقہ اسمبلی کاروان سے ان کی کامیابی کو یقینی بنانے کی عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے حلقہ کی عوام کو جن باتوں کی ضمانت دے چکے ہیں وہ انہیں پوراکرنے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھیں گے بلکہ شہر کی اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے علاوہ سرکاری جائیدادوں پر کئے جانے والے قبضہ جات کو برخواست کروانے کی مکمل کوشش کی جائے گی۔ انہو ںنے بتایا کہ شہر کے نوجوانوں میں جو امید جاگی ہے اس امید پر پورااترنے کا انہیں موقع دیاجائے تاکہ وہ خود کو ثابت کرسکیں۔ جناب عثمان بن محمد الہاجری نے کہا کہ شہر حیدرآباد سے غنڈہ گردی اور لینڈ گرابرس کے خلاف ان کی مہم ہر حالت میں جاری رہے گی اور اس مہم کو کوئی طاقت روک نہیں سکتی ۔ انہوں نے شہر میں موجود اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے ساتھ ریاست کے دیگر اضلاع میں موجود جائیدادوں کو یقینی بنانے کے لئے ووٹ کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ اسمبلی کاروان کے رائے دہندے انہیں اپنے قیمتی ووٹ کے ذریعہ کامیاب بناتے ہوئے حلقہ کی ترقی اور غنڈہ گردی کے خاتمہ کی جنگ میں شامل ہوں۔جناب عثمان بن محمد الہاجری نے کہا کہ حلقہ اسمبلی کاروان سے فرقہ پرستی کے خاتمہ اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے مرکز میں حلقہ کی تبدیلی کیلئے ان کے انتخاب کو یقینی بنائیں اور شہر حیدرآباد سے فرقہ پرستی کے خاتمہ کیلئے کانگریس اور مہا کوٹمی کے تمام امیدواروں کو کامیاب بنایاجائے۔