حلقہ پارلیمنٹ چیوڑلہ میں ٹی آر ایس کے مخالفین انتخابی منظر سے غائب

عوام کا ٹی آر ایس پر پورا بھروسہ ، رنجیت ریڈی کی عوام سے ملاقات
حیدرآباد ۔ 4 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : حلقہ لوک سبھا چیوڑلہ کے ٹی آر ایس امیدوار رنجیت ریڈی نے کہا کہ ان کے مخالفین ٹی آر ایس سے گھبرا کر انتخابی منظر سے غائب ہوچکے ہیں وہ حلقہ لوک سبھا چیوڑلہ پر کامیابی حاصل کرتے ہوئے چیف منسٹر کے سی آر کو تحفے میں پیش کریں گے ۔ رنجیت ریڈی نے آج تین اسمبلی حلقوں میں پدیاترا منظم کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کی بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے لیے مقابلہ یکطرفہ ہے ۔ ان کے مخالفین کانگریس اور بی جے پی کے امیدوار انہیں کہیں نہیں دیکھائی دے رہے ہیں ۔ عوام ٹی آر ایس پر اپنے بھر پور اعتماد کا اظہار کررہے ہیں جس کو دیکھنے کے بعد انہیں ایسا لگتا ہے 11 اپریل کو ہونے والی رائے دہی صرف ضابطہ کی کارروائی ہے ۔ وہ پہلے ہی کامیاب ہوچکے ہیں ۔ ٹی آر ایس ترقی کو موضوع بناکر عوام کے درمیان پہونچ رہی ہے اور عوام کی جانب سے انہیں بھر پور آشیرواد حاصل ہورہا ہے ۔ ضلع رنگاریڈی کو ترقی دینے کے لیے ٹی آر ایس حکومت نے خصوصی حکمت عملی تیار کی ہے وہ کامیابی کے بعد حلقہ کی تعمیری و ترقیاتی کاموں کے معاملے میں حکومت اور عوام کے درمیان پل کا کام کریں گے ۔ رنجیت ریڈی نے کہا کہ کے سی آر نے صرف 2 ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ علحدہ تلنگانہ ریاست حاصل کیا ہے ۔ اگر 16 ارکان پارلیمنٹ کی طاقت انہیں دی جائے تو وہ مرکز کو تلنگانہ عوام کے قدموں میں جھکا دیں گے ۔ قومی جماعتیں ملک کو ترقی دینے اور ریاستوں کے مفادات کا تحفظ کرنے میں پوری طرح ناکام ہوچکی ہیں اس مرتبہ مرکز میں بی جے پی اور کانگریس پارٹی تشکیل حکومت کے لیے اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہیں گی اور علاقائی جماعتوں کی حکومت تشکیل پائے گی ۔ اس میں ٹی آر ایس پارٹی کا سرگرم رول ہوگا ۔ اس لیے وہ عوام سے اپیل کرتے ہیں انہیں بھاری اکثریت سے کامیاب بنائے ۔۔