تلگو دیشم اور ویلفیر پارٹی سے ٹکٹوں کا پیشکش ، ٹی آر ایس اور کرن کمار کی جماعت کا بھی غور
حیدرآباد ۔ 2 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : حلقہ اسمبلی ملک پیٹ کے تلگو دیشم امیدوار جناب مظفر علی خاں پر مختلف سیاسی جماعتوں کی نظریں ٹکی ہوئی ہیں اور وہ انہیں تلگو دیشم پارٹی کے ٹکٹ دینے کی پیشکش کررہی ہے ۔ 2009 عام انتخابات میں تلگو دیشم پارٹی کے بیانر پر حلقہ اسمبلی ملک پیٹ میں جناب مظفر علی خاں نے اپنے قریبی حریف کو سخت مقابلہ دیا تھا اور گذشتہ 5 برسوں کے دوران ان کی عوام کے درمیان موجودگی کے باعث اس مرتبہ بھی انہیں مضبوط موقف کے حامل امیدوار تصور کیا جارہا ہے لیکن تلگو دیشم ، بی جے پی ، اتحاد کی صورت میں پیدا ہونے والے حالات پر ان کی رائے کو مد نظر رکھتے ہوئے دیگر سیاسی جماعتیں بشمول جماعت اسلامی کی مکمل حمایت رکھنے والی ویلفیر پارٹی آف انڈیا بھی انہیں ٹکٹ کی پیشکش کی ہے ۔
بتایا جاتاہے کہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے ذمہ داران کے علاوہ کرن کمار ریڈی کے قریبی رفقاء بھی مظفر علی خاں پر نظریں جمائے ہوئے ہیں کہ اگر انہوں نے ٹی ڈی پی اور بی جے پی کے درمیان اتحاد کی صورت میں تلگو دیشم کے ٹکٹ پر انتخاب نہ لڑنے کا فیصلہ کیا یا ملک پیٹ حلقہ اسمبلی نشست بی جے پی کے حصہ میں چلی جاتی ہے تو انہیں اپنی پارٹی میں شامل کروایا جاسکے ۔ جناب مظفر علی خاں کے قریبی ذرائع نے اس بات کی توثیق کی کہ نہ صرف ویلفیر پارٹی آف انڈیا اور تلنگانہ راشٹرا سمیتی بلکہ کرن کمار ریڈی کی نئی سیاسی جماعت جئے سمکھیہ آندھر کے قائدین بھی تلگو دیشم قائد سے رابطہ کررہے ہیں ۔ جناب حامد محمد خاں صدر ایم پی جے و قائد ویلفیر پارٹی آف انڈیا نے بھی اس بات کی توثیق کی اور کہا کہ بات چیت نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوئی لیکن اس خصوص میں بات چیت ضرور ہوئی ہے ۔۔