حیدرآباد۔/19اگسٹ، ( سیاست نیوز) حلقہ لوک سبھا میدک کے ضمنی انتخاب کے سلسلہ میں ٹی آر ایس کے سربراہ چندر شیکھر راؤ نے ریاستی وزیر آبپاشی ہریش راؤ کو انچارج مقرر کیا ہے۔ آئندہ ماہ ہونے والے ضمنی انتخاب کے سلسلہ میں چندر شیکھرراؤ نے پارٹی کے سینئر قائدین کے ساتھ مشاورت کی اور انتخابی مہم کی ذمہ داری ہریش راؤ کو سونپنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ہریش راؤ ضلع میدک کے حلقہ اسمبلی سدی پیٹ سے منتخب ہوئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ کے سی آر نے اس لوک سبھا حلقہ کے تحت آنے والے 7 پارٹی ارکان اسمبلی کو بھی اپنے اپنے اسمبلی حلقوں کی ذمہ داری دی ہے۔ چندر شیکھر راؤ اپنے دورہ سنگاپور سے واپسی کے بعد میدک ضمنی چناؤ کیلئے پارٹی امیدوار کے نام کا اعلان کرسکتے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ 24اگسٹ کو ٹی آر ایس امیدوار کے نام کا اعلان کیا جائے گا۔ میدک لوک سبھا حلقہ سے پارٹی ٹکٹ کے خواہشمندوں کی کثیر تعداد نے کے سی آر سے ملاقات کرتے ہوئے اپنی امیدواری کو پیش کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ کے سی آر نے تیقن دیا کہ وہ پارٹی کے ایسے قائد کو امیدوار بنائیں گے جو ضلع میں پارٹی کے استحکام میں مددگار ثابت ہو۔ پارٹی قائدین ہنمنت راؤ، کے وی رمنا چاری کے علاوہ تلنگانہ این جی اوز کے صدر دیوی پرساد ٹکٹ کی دوڑ میں آگے ہیں۔ واضح رہے کہ لوک سبھا میدک اور اسمبلی حلقہ گجویل سے کامیابی کے بعد چندر شیکھر راؤ نے میدک لوک سبھا کی رکنیت سے استعفی دے دیا تھا۔