پیدل دورہ کے دوران سینکڑوں عوام کا ہجوم ، رائے دہندوں سے فرداً فرداً ملاقات
حیدرآباد ۔ 18 اپریل ۔ ( پریس نوٹ) حلقہ اسمبلی چندرائن گٹہ کے مجلس بچاؤ تحریک کے امیدوار و صدر ایم بی ٹی ڈاکٹر قائم خاں نے آج ارون دھتی کالونی کا 10 بجے تا ایک بجے دن اور حافظ بابا نگر M-H اور G کالونی کے اطراف و اکناف میں 3 تا 6 بجے شام پیدل و تفصیلی دورہ کرتے ہوئے مقامی عوام کے مسائل کا جائزہ لیا ۔ ڈاکٹر قائم خان کا مقامی عوام نے والہانہ و پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے ڈاکٹر قائم خان کی اقتدار پر نہ ہونے کے باوجود عوام کے درمیان میں ہمیشہ دستیاب رہنے کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر قائم خان حقیقی معنوں میں غازی ملت امان اﷲ خان کے نہ صرف نقش قدم پر گامزن ہیں بلکہ وہ اپنے والد کی طرح عوام کے درمیان رہتے ہوئے بلالحاظ مذہب و ملت و تفریق عوام کے مسائل کی یکسوئی کررہے ہیں۔ ڈاکٹر قائم خان نے ان کی عوامی خدمات کی ستائش کئے جانے پر اظہارتشکر کرتے ہوئے اس بات کا تیقن دیا کہ وہ ایوان اقتدار پر پہنچنے کے بعد نہ صرف چندرائن گٹہ کے مسائل کی یکسوئی کی جائیں گی بلکہ چندرائن گٹہ کو ہرا بھرا اور سنہرا اسمبلی حلقہ بنایا جائے گا ۔ ڈاکٹر قائم خان کے ہمراہ مقامی عوام کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ مختلف مقامات پر مقامی عوام نے تفصیلی طورپر ڈاکٹر صاحب کو بلدی ، برقی اور آبرسانی مسائل سے واقف کروایا ۔