کانگریس امیدوار محمد فیروز خان کا انتخابی جلسوں سے خطاب، عوام سے شاندار خیرمقدم
حیدرآباد 2 ڈسمبر (سیاست نیوز) نامپلی حلقہ کے کانگریسی امیدوار محمد فیروز خان نے عوام سے وعدہ کیاکہ علاقہ میں غربت، پسماندگی اور غیر سماجی عناصر کی سرگرمیوں کا خاتمہ کریں گے۔ ملے پلی میں انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے فیروز خان نے کہاکہ وہ علاقہ کی ترقی اور عوام کی خدمت کے جذبہ کے ساتھ میدان میں اُترے ہیں اور مقامی جماعت گمراہ کن مہم کے ذریعہ عوام کو اُلجھن میں مبتلا کرنا چاہتی ہے۔ انھوں نے کہاکہ نامپلی میں چھوٹے تاجروں کو غیر سماجی عناصر اور روڈی شیٹرس کے ذریعہ ہراساں کیا جاتا ہے۔ ان کی محنت کی کمائی میں سے معمول وصول کیا جارہا ہے۔ وہ نامپلی کو روڈی ازم سے پاک کردیں گے۔ فیروز خان نے کہاکہ نامپلی کو پسماندہ علاقہ میں تبدیل کردیا گیا۔ ڈرینج اور سڑکوں کے علاوہ بنیادی سہولتیں میسر نہیں ہیں۔ گندہ پانی ہمیشہ سڑکوں پر بہنے سے بیماریاں پھیل رہی ہیں۔ فیروز خان نے صحت و صفائی کے خصوصی انتظامات کا وعدہ کیا۔ انھوں نے کہاکہ جھوٹے وعدوں کے ذریعہ مقامی جماعت راج کرتی آئی ہے لیکن اب کانگریس پارٹی کو عوام کی تائید حاصل ہورہی ہے اور نامپلی سے کانگریس کامیاب ہوگی۔