عوامی خدمات اصل نصب العین ، کانگریس امیدوار ڈاکٹر ونئے کا بیان
حیدرآباد ۔ 25 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : کانگریس کے امیدوار ڈاکٹر ونئے نے کہا کہ اسمبلی حلقہ مشیر آباد میں اصل مقابلہ کانگریس اور بی جے پی کے درمیان ہے ۔ کانگریس واحد سیکولر جماعت ہے جو فرقہ پرستوں سے کبھی سمجھوتہ نہیں کرتی بلکہ سیکولرازم کو فروغ دینے میں اہم رول ادا کرتی ہے ۔ ڈاکٹر ونئے کمار نے کہا کہ وہ سیاسی گھرانے میں آنکھ کھولے ہیں ۔ سیکولر اقدار ، فرقہ وارانہ ہم آہنگی میں انکی پرورش ہوئی ہے ۔ عوامی خدمات ان کا نصب العین ہے ۔ اسمبلی حلقہ مشیر آباد ہندو مسلم اتحاد کا گہوارہ ہے۔ جہاں سماج کے تمام طبقات گلدستے کے مانند ایک دوسرے سے مل جل کر رہتے ہیں ۔ سیاسی مفادات کے لیے بی جے پی حالات کو خراب کرنے کے درپے ہے سیکولرازم کا نقاب اڑھنے والی تلگو دیشم کا بی جے پی سے اتحاد کے بعد اصلی چہرہ بے نقاب ہوگیا ہے کیوں کہ بی جے پی کا انتخابی منشور اس کا آئینہ ہے ۔ تلگو دیشم علاقہ تلنگانہ میں انتہائی کمزور ہوگئی ہے ۔ سہارے کے لیے فرقہ پرست بی جے پی کا ہاتھ تھام لیا ہے ۔ اسمبلی حلقہ مشیر آباد میں بی جے پی کو کامیاب بنانا حلقہ کو ترقی سے محروم کرنے کے مترادف ہے کیوں کہ کانگریس کے دور حکومت میں ہی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات کئے گئے ہیں ۔ بی جے پی کے پاس سوائے ہندوتوا کے دوسرا کوئی نعرہ نہیں ہے ۔ جب کہ کانگریس ترقی اور فلاح و بہبود کا ایجنڈا رکھنے والی جماعت ہے ۔ کانگریس نے ریاست میں نہ صرف مسلمانوں کو تعلیم اور روزگار میں 4 فیصد تحفظات فراہم کئے ۔ بلکہ مسلمانوں کی تعلیمی پسماندگی کو دور کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرتے ہوئے اعلیٰ تعلیم کی مفت تعلیم فراہم کرتے ہوئے تعلیمی اغراض کو پورا کرنے کے ساتھ بھاری اسکالر شپس بھی فراہم کی ہے ۔ یہی کام بی جے پی زیر اقتدار ریاستوں میں نہیں ہوا ہے ۔ بی جے پی کو شکست دینے کے لیے انہیں سماج کے تمام طبقات بالخصوص اقلیتوں کی بھر پور تائید حاصل ہورہی ہے ۔ وہ کامیابی کے بعد حلقہ مشیر آباد کو مثالی حلقہ میں تبدیل کرنے کے لیے عوام کے درمیان رہ کر کام کریں گے ۔ عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ امن و امان کی برقراری کے لیے اپنے آپ کو وقف کردیں گے ۔۔